رسائی کے لنکس

گوگل اب موبائل فونز کی دنیا میں



انٹرنیٹ کے معروف سرچ انجن گوگل نے اپنا پہلا موبائل فون فروخت کے لیے پیش کردیاہے جسے مارکیٹ میں مودجود سمارٹ فونز، مثلاً اپیل کے آئی فون کے ایک مدمقابل کے طور پر دیکھا جارہاہے۔

منگل کے روز مارکیٹ میں پیش کیا جانے والا فون’ Nexus One‘ گوگل کے اپنے آپریٹنگ سسٹم پر کام کرتا ہے، اس میں ٹچ سکرین اور تھری ڈی گرافکس جیسی خوبیاں موجود ہیں۔

امریکی صارفین یہ فون 179 ڈالر میں دو سالہ معاہدے کے تحت ٹی موبائل فون کمپنی سے حاصل کرسکتے ہیں۔

کچھ عرصے کے بعد یہ فون دوسری موبائل کمپنیوں مثلاً ’ ورائزن وائرلس‘ اور یورپ میں’ کوٹا فون ‘کے صارفین کے لیے بھی دستیاب ہوگا۔ ایسے صارفین جو اسے دوسرے موبائل نیٹ ورکس پر استعمال کرنا چاہتے ہیں ، ان کے لیے گوگل نے اپنے موبائل فون کا ان لاک ماڈل تیار کیاہے جو 529 ڈالر میں دستیاب ہے۔

موبائل فونز کے ذریعے انٹرنیٹ پر جانے والے صارفین کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور ماہرین کا کہنا ہے کہ گوگل کے اس فون کو، جو انٹرنیٹ سرچ میں اپنی سبقت برقرار رکھنا چاہتا ہے، اپیل کے آئی فون سے بطور خاص مقابلے کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ حالیہ کچھ عرصے سے سمارٹ فونز کی مقبولیت میں مسلسل اضافہ ہورہاہے۔ اس وقت مارکیٹ میں متعدد کمپنیوں کے سمارٹ فون موجود ہیں جن میں بلیک بیری 40 فی صد شیئرز کے ساتھ مارکیٹ میں سر فہرست ہے جب کہ دوسرا نمبر اپیل کے آئی فون کا ہے جس نے تھوڑے ہی عرصے میں سمارٹ فونز کی 25 فی صد مارکیٹ حاصل کرلی ہے۔

XS
SM
MD
LG