رسائی کے لنکس

راولپنڈی: کرفیو ختم کرنے کا فیصلہ


فائل فوٹو
فائل فوٹو

وزارت ِداخلہ کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ، ’حالات کا جائزہ لے کر دوبارہ کرفیو لگایا جا سکتا ہے‘۔

وفاقی وزارت ِداخلہ کی جانب سے راولپنڈی میں لگے کرفیو کو ختم کرنے کا اعلان کردیا گیا ہے۔وزارت ِداخلہ کی جانب سےمیڈیا کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کل سے شہر کی تمام مارکیٹیں، کاروباری مراکز اور دفاتر کھلے رہیں گے۔

وفاقی وزارت داخلہ کے مطابق، ’شہر میں اجتماعات پر پابندی ہوگی جبکہ شہر میں امن و امان قائم رکھنے کیلئے فوج موجود رہے گی‘۔ وزارت ِداخلہ کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ، ’حالات کا جائزہ لے کر دوبارہ کرفیو لگایا جا سکتا ہے‘۔

تاہم ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ، ’صبح 6 بجے کے بعد کرفیو ختم کرکے شہر کو مکمل طور پر کھول دیاجائے گا اور دفعہ 144 کے تحت شہر میں اجتماعات پر مکمل پابندی بھی ہوگی‘۔

شہر راولپنڈی میں جمعے کے روز عاشورہ کے جلوس میں دو گروپوں میں تصادم کے دوران ہنگامہ آرائی اور کشیدگی پھیلنے کے بعد وزارت داخلہ کی جانب سے شہر میں فوج بلا کر کرفیو نافذ کر دیا گیا تھا۔ جبکہ موبائل سروس بھی مکمل طور پر بند رکھی گئی تھی۔

تاہم ہفتے کی رات اور اتوار کی شام کرفیو میں چند گھنٹوں کے لئے نرمی کی گئی اور وزارت ِداخلہ کے تازہ بیان میں کرفیو کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ راولپنڈی میں عاشورہ کے جلوس کے دوران ہونے والی کشیدگی اور ہنگامہ آرائی کے نتیجے میں 9 افراد جاں بحق اور 50 زخمی ہوئے تھے۔
XS
SM
MD
LG