رسائی کے لنکس

پرکھنے کا معیار رنگ و نسل نہیں۔۔ گورنر ٹیری میکالف


گورنر ورجینیا ٹیری میکالف ۔ 17 اکتوبر 2016
گورنر ورجینیا ٹیری میکالف ۔ 17 اکتوبر 2016

انتخابات امیگرنٹ ووٹرز کے لیے بے حد اہم ہیں، روس ہمارے انتخابات پر اثر انداز ہو رہا ہے، 53 ملین سائبر حملے اس برس ہو چکے، ریاست ورجینیا کے گورنر کی وائس آف امریکہ سے خصوصی گفتگو

امریکہ کی ریاست ورجینیا کے گورنر ٹیری مکالف نے کہا ہے کہ وہ رنگ و نسل کی بنیاد پر شہریوں کی پروفائلنگ کے قائل ہیں اور نہ وہ اس طرح کے کسی عمل کی اجازت دے سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے وقت میں جب ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ، ان کے بقول 16 ملین افراد کو ملک بدر کرنے اور مسلمانوں کے ملک میں داخلے کو بند کرنا چاہتے ہیں، یہ انتخابات امیگرنٹ کمیونیٹی کے لیے بے حد اہمیت اختیار کر گئے ہیں۔

گورنر ورجینا کا کہنا تھا کہ روس امریکہ کے انتخابات پر اثر انداز ہونا چاہتا ہے اور وہاں سے الیکٹورل سسٹم کو ھیک کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔

ٹیری میکالف نے گزشتہ روز فیرفیکس کائونٹی میں ڈیموکریٹک پارٹی کے صدر دفتر میں مختلف ممالک کے میڈیا کے لیے امریکہ کے اندر کام کرنے والے صحافیوں کے ساتھ گفتگو کے بعد وائس آف امریکہ اردو سروس کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں ان خیالات کا اظہار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ مسلمانوں اور تارکین وطن کے خلاف ہیں اور برملا اس کا اظہار کر چکے ہیں جبکہ ڈیموکریٹک پارٹی کی امیدوار ہلری کلنٹن بحیثیت وزیرخارجہ مختلف لوگوں کے ساتھ مل کر کام کرنے اور ملک کے اندر متوسط طبقے کے فروغ کے لیے کام کرنے کا وسیع تجربہ رکھتی ہیں۔

صدارتی امیدورار ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی انتخابی مہم میں پرائمریز اور بعد ازاں پارٹی کے قومی کنونشن کے موقع پریہ موقف اختیار کیا ہے کہ ملک میں موجود سیکیورٹی کے خطرات کے پیش نظر وہ امریکی شہریوں کو محفوظ بنانے کے لیے اس وقت تک تارکین وطن، خاص طور پر مسلمانوں کا امریکہ کے اندر داخلہ بند کر دیں گے جب تک کہ امیگریشن پالیسی میں، ان کے بقول موجود خامیاں دور نہیں کر دی جاتیں۔

’’ جب میں صدر بنوں گا تو میں ان علاقوں سے امریکہ آنے والا افراد کا داخلہ بند کر دوں گا جہاں امریکہ، یورپ اور اس کے اتحادیوں کے خلاف دہشتگردی کی واضح تاریخ موجود ہے۔ اور یہ پابندی اس وقت تک جاری رہے گی جب تک ہم یہ جان نہیں لیتے کہ ان خطرت سے کیسے نمٹنا ہے۔‘‘

بعد ازاں ایک بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ مسلمانوں نہیں بلکہ تمام مشتبہہ افراد کی پروفائلنگ کی بات کر رہے ہیں۔ کئی ری پبلکن راہنما ڈونلڈ ٹرمپ کے متنازعہ بیانات کو وجہ بناتے ہوئے ان کی حمایت سے دستبردار ہو چکے ہیں اور ایسے ریمارکس کو امریکی اقدار کے منافی قرار دیتے ہیں۔

دوسری جانب مسٹر ٹرمپ کے کچھ حامی، حتی کہ پاکستانی مسلمان ایسے بھی ہیں جو ان کی بھرپور حمایت کرتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ ڈونلڈ ٹرمپ مسلمانوں کے خلاف نہیں ہیں۔

گورنر ٹیری مکالف نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ وہ ریاست ورجیینیا میں رنگ و نسل اور مذہب کی بنیاد پر کسی کی پروفائلنگ کی اجازت نہیں دے سکتے۔ جو خراب عناصر ہیں ان سے نمنٹے کے لیے ہمارے قانون نافذ کرنے والے موجود ہیں۔

گورنر نے صدر باراک اوباما کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ روس امریکہ کے انتخابات پر اثر انداز ہونا چاہتا ہے اور ڈیموکریٹک پارٹی کے قومی کنونشن کو ہیک کرنے کی کوشش کی گئی جو ان کے بقول روس کے صدر ولادی میر پیوٹن کے علم میں لائے بغیر ممکن نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ صرف ورجینیا کی ریاست میں جاری سال کے دوران اب تک 53 ملین سائبر حملے ہو چکے ہیں، ان کے مطابق ہر چار سیکنڈ میں ایک بار اور ہر روز تین لاکھ سائبر حملے ہو رہے ہیں لیکن وہ نہ صرف گورنر بلکہ گورنرز ایسوسی ایشن کے چیرمین کی حیثیت سے پورے ملک میں سائبر حملوں کے خلاف اقدامات میں قائدانہ کردار ادا کر رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG