رسائی کے لنکس

مہدی حسن کا مزار تعمیر کرنے کا فیصلہ


مزار کے ڈیزائن کیلئے اشتہارات بھی دئیے جارہے ہیں اور ایک ایسے ڈئزائن کو ترجیح دی جائے گی جس سے ان کی فنی خدمات کی موثر انداز میں عکاسی ہوسکے۔

شہنشاہ غزل کے نام سے اپنی ایک الگ پہچان اور ایک اعلیٰ مقام رکھنے والے مہدی حسن بے شک اب اس دنیا میں نہیں رہے لیکن فن کی دنیا میں وہ ہمیشہ زندہ رہیں گے۔ وہ کسی ایک ملک، کسی ایک سرزمین اور کسی ایک خطے کی پہچان نہیں تھے بلکہ دنیا میں جہاں جہاں بھی موسیقی بستی ہے، مہدی حسن وہاں کے باسی تھے۔ وہ اپنی مدھ بھری آواز کے ذریعے دلوں میں اترنے کا فن جانتے تھے ۔

وہ اس حوالے سے بھی نہایت خوش نصیب رہے کہ ان کی زندگی میں بھی اوران کی موت پر بھی ۔۔دنیا بھر میں جس قدر انہیں خراج تحسین پیش کیا ، اتنا شاید ہی اب تک کسی اور پاکستانی فنکار کو ملا ہو۔

ان کے انتقال کو تین ہفتے ہونے کو آئے مگر انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کا سلسلہ اب بھی جاری ہے ۔ ۔۔اور یہ سلسلہ تادیر جاری رہے اس کے لئے کراچی میں مہدی حسن کا مقبرہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ان کی آخری قیام گاہ پر مزار بنانے کا تصور بلدیہ عظمیٰ کراچی کا پیش کردہ ہے ۔ اس ادارے کے ایڈمنسٹریٹر محمد حسین سید نے مزار کی ڈیزائنگ کے لئے ملک بھر کی تعمیراتی فرموں سے تجاوز طلب کرلی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ایسا ڈیزائن منتخب کیا جائے گا جس میں مہدی حسن کا فن نمایاں ہوگا۔

انہوں نے عوام اور ملکی اداروں کو ڈیزائننگ کے لئے اپنے اپنے آئیڈیاز پیش کرنے کی دعوت دی ہے۔ اس حوالے سے ایک اہم اجلاس بھی ہوچکا ہے جس میں بلدیہ کے اعلیٰ افسران بھی شریک ہوچکے ہیں۔

محمد حسین سیدکا کہنا ہے کہ زندگی کے کسی بھی شعبے میں غیر معمولی خدمات انجام دینے والی شخصیات کو یاد رکھنا اور انہیں خراج عقیدت پیش کرنا زندہ قوموں کی نشانی ہے۔ شہنشاہ غزل مہدی حسن کے مزار کی تعمیر کا فیصلہ اسی تناظر میں کیا گیا ہے۔

مزار کے ڈیزائن کیلئے باقاعدہ اشتہارات بھی دئیے جارہے ہیں اور ایک ایسے ڈئزائن کو ترجیح دی جائے گی جس میں مہدی حسن کی موسیقی کے لئے فنی خدمات اوران کی شخصیت کی موثر انداز میں عکاسی ہوسکے۔

پہلے ، دوسرے اور تیسرے نمبر پر آنے والے ڈیزائن کو قیمتی انعامات ، سر ٹیفکیٹ اور شیلڈ سے نوازا جائے گا جبکہ ڈیزائنر کا نام مزار کی عمارت پر کندہ کیا جائے گا۔ حتمی ڈیزائن کا فیصلہ مہدی حسن کے لواحقین کے ساتھ باہمی مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔
XS
SM
MD
LG