رسائی کے لنکس

یونانی معیشت پر پریشانی کے باعث حصص کی قیمتیں گِر گئیں


ایتھنز میں مظاہرات
ایتھنز میں مظاہرات

یونان میں قرضوں کے بحران پر سرمایہ کاروں کی تشویش کےنتیجے میں منگل کے روز یورپ اور امریکہ میں بازارِ حصص گِر گئیں۔

یورپ میں حصص کے اہم اشاریوں میں قیمتیں تین فیصد یا اس سے زیادہ تک گر گئیں۔سپین کے حصص کی قیمتیں پانچ فیصد سے زیادہ نیچے چلی گئیں جبکہ یونان کے حصص کی قیمتیں چھ فیصد سے زیادہ گر گئیں۔

بازارِ حصص میں یہ مندا ایسے وقت میں شروع ہوا ہے، جب یونانی کارکنوں نے بجٹ میں حکومت کی اعلان کردہ کٹوتیوں پر احتجاج کے طور پر ایک دو روزہ ہڑتال شروع کی ہے۔یورپی یونین اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ نے قرضوں میں دبی ہوئى یونانی معیشت کو بچانے کے لیے یونان کو 146 ارب ڈالر کا جو امدادی قرض فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس کے بدلے میں وہ ایتھنز سے اخراجات میں بھاری کٹوتیاں کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں۔

جرمنی کے وزیرِ خزانہ وولف گانگ شوئیبل نے ایک جرمن اخبار کو بتایا ہے کہ اگر یونان نے کفایت شعاری کے اقدامات نہ کیے تو امدادی قرضے میں جرمنی اپنے حصّے کے لگ بھگ 30 ارب ڈالر کی فراہمی روک دے گا۔

منگل کے روز ایتھنز کی سڑکوں پر حکومت کے ہزاروں موجودہ اور ریٹائرڈ ملازمین نےاحتجاج کرتے ہوئے بجٹ میں مجوزہ کٹوتیوں پر کڑی نکتہ چینی کی۔بعض مظاہرین نے پولیس پر پتھر اور بوتلیں پھینکیں اور پولیس نے جواب میں آنسو گیس استعمال کی۔

XS
SM
MD
LG