رسائی کے لنکس

یونان کی معیشت، یورپی یونین کا فیصلہ کُن اجلاس


ایک ہفتہ قبل تشکیل دی جانے والی مسٹر سماراس کی مخلوط حکومت نے بیل آؤٹ کی شرائط کو سخت گیر قرار دیا، جس کے ذریعے یونان کو دیوالیہ پن سےنکالے جانے کی امید کی جاسکتی ہے

یورپی توسط سےبیل آؤٹ کی توقعات کو پھرسے مذاکرات کا موضوع بنانےمیں یونان کودشواریوں کا سامنا ہے، ایسے میں جب خرابی صحت کے پیش نظر نئے وزیر اعظم اور وزیر خزانہ منظر سے اوجھل ہوگئے ہیں، جب کہ یورپی یونین کا ایک فیصلہ کُن اجلاس منعقد ہونے والا ہے۔

اتوار کو حکومت نے بتایا کہ ڈاکٹروں نے وزیراعظم اینٹونی سماراس، جن کا ہفتے کےروز آنکھ کا آپریشن ہوا ہے، اُنھیں مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ سفرسے گریز کریں۔ دوسری طرف، جمعے کے دِن ناسازیِ طبیعت کی بنا پر وسیلی راپانوس اسپتال داخل ہوگئے ہیں، جب کہ ابھی اُنھوں نے وزیر مالیات کے قلمدان کا باقاعدہ حلف تک نہیں لیا ہے۔

جون کی 28اور29کو برسلز میں ہونے والے اِس اجلاس میں یونان کی نمائندگی وزیر خارجہ دِمتری ارامو پولوس کریں گے۔


ہفتہ بھر قبل تشکیل پانے والی مسٹر سماراس کی مخلوط حکومت نے بیل آؤٹ کی شرائط کو سخت گیر قرار دیا، جس کے ذریعے یونان کو دیوالیہ پن سےنکالے جانے کی امید کی جاسکتی ہے۔

مزید برآں، پیر کو ایتھنز میں یونان کو امداد دینے والے مالیاتی اداروں کا اجلاس ملتوی کردیا گیا ہے، جن میں یورپی کمیشن، یورپی مرکزی بینک اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ شامل ہیں۔

قرضہ جات کا جائزہ لینے والے یہ ادارے ملک کی مالی صورتِ حال پر غور کرنے والے تھے اور اِس بات کے خواہاں تھے کہ یونان کے ساتھ مذاکرات جاری ہوں، جنھیں تقریباً دو ماہ تک جاری رہنے والے سیاسی تعطل کے دوران مؤخر کر دیا گیا تھا۔

XS
SM
MD
LG