رسائی کے لنکس

یونان: حکومت سازی میں ناکامی، 17 جون کو نئے انتخابات


یونان کے حالیہ انتخابات میں جیتنے والی بڑی سیاسی جماعتوں کے درمیان مخلوط حکومت کے قیام کی کوششوں میں ناکامی کے بعد 17 جون کو ملک میں دوبارہ پارلیمانی انتخابات کرانے کا تاریخ مقرر کردی گئی ہے۔

منگل کے روز حکومت سازی کے لیے کی جانے والی کئی کوششوں کے باوجود کوئی معاہدہ طے نہیں پاسکا۔

نئے انتخابات کی تاریخ کا اعلان بدھ کو یونان کے صدر کارلوس پاپولیاس نے ایک نگران حکومت بنانے کے لیے سیاسی جماعتوں کے راہنماؤں سے ملاقات کے بعد کیا۔

سرکاری ٹیلی ویژن کے ایک اعلان میں کہاگیا ہے کہ سینیئر جج پاناگوئیوٹس پکرامنوس کو نگران وزیر اعظم مقرر کیا گیا ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہناہے کہ نئے الیکشن میں بھی، موجودہ انتخابات کی طرح کے نتیجے کی توقع ہے اور یہ امکان نہیں ہے کہ کوئی سیاسی جماعت واضح اکثریت حاصل کرنے میں کامیاب رہے گی جس کی مدد سے وہ اپنی حکومت بنا سکے۔ لیکن ایک قدامت پسند اتحاد کی حمایت میں ،جس کی قیادت الیکس سیپراس کررہے ہیں اور جو سخت گیر مالیاتی پالیسیوں کے مخالف ہیں، کافی اضافہ ہوا ہے۔

اس اتحاد کی کامیابی کی صورت میں یونان اور یورپی یونین کے درمیان کشیدگی بڑھ سکتی ہے کیونکہ یورپی یونین کے راہنم یہ کہہ چکے ہیں قرضوں پر کنٹرول کے سخت اقدامات کے بغیر یونان کو مزید امداد نہیں دی جائے گی۔

یونان کی سیاسی صورت حاصل نے یورپی مارکیٹوں پر بھی اپنے اثرات مرتب کیے ہیں اوریورو زون کو درپیش خطرات کو مزید بڑھا دیا ہے۔

یہ مسئلہ فرانس کے نئے منتخب صدر فرانسوا اولانت اور جرمنی کی چانسلر آنگلا مرخیل کے درمیان پہلی باضابطہ ملاقات میں سب سے نمایاں رہا ہے۔برلن میں منگل کی اس ملاقات میں دونوں راہنماؤں نے کہاتھا کہ وہ یونان کو یورو زون میں رکھنے کے لیے اس کی مدد کریں گے۔

XS
SM
MD
LG