رسائی کے لنکس

یونان، امریکی رہنما ؤں کی ملاقات: مالی اصلاحات، افغانستان پر گفتگو متوقع


امریکی صدر براک اوباما منگل کو وائیٹ ہاؤس میں یونان کے وزیرِ اعظم جارج پپاندریو کی میزبانی کررہے ہیں۔ بات چیت میں متوقع طور پر افغانستان اور مالی اصلاحات پر گفتگو ہوگی۔

وائیٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ دونوں سربراہ معاشی اصلاحات اور بحالی کے بارے میں اپنے مشترکہ عزم، اور افغانستان اور ہتھیاروں کے پھیلاؤ کی روک تھام سے متعلق کام کو جاری رکھنے پر بات چیت کریں گے۔

یونان کے رہنما، یونان کو مالی بحران سے نکالنے کی اپنی کوششوں کے لیے حمایت اور ممکنہ مالی امداد کے حصول کے لیے کوشاں ہیں۔ یونان کے مالی بحران نے یورپ کی معاشی بحالی کو غیر مستحکم کردینے کا خطرہ پیدا کر دیا ہے۔

منگل کو مسٹر پپاندریو نے ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھنے والی امریکی ایوانِ نمائندگان کی سپیکر، نینسی پلوسی سے ملاقات کی۔

اُنھوں نے ابلاغِ عامہ کے نمائندوں کو بتایا کہ اُن کے خیال میں یونان بحران سے نکل رہا ہے۔ پلوسی نے یونانی عوام کو یقین دلایا کہ ، اُن کے بقول، اُن کے مشکل وقت میں، امریکہ اُن کی حمایت کرے گا۔

پیر کے روز، مسٹر پپاندریو نے امریکی وزیرِ خارجہ ہلری کلنٹن کو بتایا کہ یونان کوکسی مالی امداد کی توقع نہیں، بلکہ وہ چاہتا ہے کہ رقوم کی فراہمی کی سہولت اُسی شرح پر دی جائے جس پر دیگر ممالک کو ری جاتی ہے۔

کلنٹن نے معاشی مسائل سے نمٹنے کے لیے حکومتِ یونان کے اب تک کے اقدامات کو سراہا۔ اُنھوں نے کہا کہ دنیا میں ضابطوں کے بغیر کام کرنے والی مالیاتی منڈیاں رقوم کو بے انتہا تیز رفتاری سے دھکیلتی ہیںٕ، اور اِن سے ہر قسم کے منفی نتائج پیدا ہوتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG