رسائی کے لنکس

اوباما نےسٹےبازوں کےخلاف کارروائی کی درخواست کا مثبت جواب دیاہے: یونانی وزیرِ اعظم


یونان کے مالی بحران نے یورپ کی معاشی بحالی کو غیر مستحکم کردینے کا خطرہ پیدا کر دیا ہے

یونان کے وزیرِ اعظم جارج پپاندریو نے کہا ہے کہ امریکی صدر براک اوباما نے اُن سٹے بازوں کے خلاف کارروائی کا مثبت جواب دیا ہے، جنھوں نے اُن کے بقول، یونان کی معیشت کو نقصان پہنچایا ہے ۔

منگل کو وائیٹ ہاؤس میں صدر اوباما سے ملاقات کے بعدگفتگو کرتے ہوئے، مسٹر پپاندریو نے کہا کہ جون میں گروپ آف 20کے ترقی یافتہ اور ترقی پذیر معیشتوں کے اجلاس میں اِس معاملے پر غور کیا جائے گا۔

یونان کے رہنما ، یونان کو مالی بحران سے نکالنے کی اپنی کوششوں کے لیے حمایت اور ممکنہ مالی امداد کے حصول کے لیے کوشاں ہیں۔ یونان کے مالی بحران نے یورپ کی معاشی بحالی کو غیر مستحکم کردینے کا خطرہ پیدا کر دیا ہے۔

سٹے باز ، وہ سرمایہ کار ہیں جو حکومت کے اربوں ڈالروں کے بانڈ خرید لیتے ہیں، جس کے باعث وہ شرحِ سودبہت بڑھ جاتی ہے جسے لازٕماً بانڈز پر ادا کرنا پڑتا ہے۔

یونان کا کہنا ہے کہ سٹے بازوں کی چالوں کے باعث ملک کوبہت بلند شرح پر رقم ادھار مانگنی پڑتی ہے، جس بنا پر بڑے قرضوں کی واپسی مشکل ہو جاتی ہے۔

وزیرِ اعظم پپاندریو نے منگل کوڈیموکریٹک پارٹی کی رُکن اور امریکی ایوانِ نمائندگان کی سپیکر نینسی پلوسی سے بھی ملاقات کی۔ پلوسی نے یونان کے لوگوں کو یہ یقین دلایا کہ ، اُن کے بقول، اُن کی اِس مشکل گھڑی میں امریکہ اُن کا ساتھ دے گا۔

مسٹر پپاندریو اور مسٹر اوباما کےدرمیان مذاکرات میں افغانستان کی صورتِ حال پر غور کرنا شامل تھا۔

صدر اوباما، یونان کے یومِ آزادی کی مناسبت سے منگل کو ہی ایک ضیافت کی میزبانی کرنے والے ہیں۔

XS
SM
MD
LG