رسائی کے لنکس

گنی: صدارتی محل پر حملہ، صدر بال بال بچ گئے


گنی کے صدر (فائل فوٹو)
گنی کے صدر (فائل فوٹو)

مغربی افریقی ملک گنی کے صدر اپنی رہائش گاہ پر ہونے والے ایک حملے میں بال بال بچ گئے ہیں۔

نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے منگل کی صبح صدارتی محل پر کیا جانے والا حملہ ایک گھنٹے سے زائد جاری رہا جس کے دوران قصرِ صدارت کی عمارت گولیوں سے چھلنی ہوگئی۔

حملے میں ایک شخص کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے جس کے بارے میں امریکی خبر رساں ایجنسی 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کا کہنا ہے کہ اس کا تعلق صدر ایلفا کونڈے کے حفاظتی دستے سے تھا۔

صدر کونڈے حملے میں محفوظ رہے اور بعد ازاں انہوں نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے لوگوں سے پرامن رہنے کی اپیل کی۔

حملہ آوروں کی جانب سے ایک گھنٹے سے زائد جاری رہنے والا فائرنگ کا سلسلہ فوج کی جانب سے دارالحکومت کپورو کے اس علاقے کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد تھما جہاں صدر کی رہائش ہے۔ ایک عینی شاہد نے 'وائس آف امریکہ ' کو بتایا کہ فوج نے صدارتی رہائش گاہ سے متصل علاقہ کو سِیل کردیا ہے۔

فوری طور پر یہ واضح نہیں ہوسکا ہے کہ حملہ آور کون تھے تاہم ماضی میں گنی کی فوج قدرتی ذخائر سے مالا مال اس ملک کے اقتدار پر کئی بار قبضہ کرچکی ہے۔

واضح رہے کہ گنی کے پہلے شفاف اور آزادانہ انتخابات گزشتہ برس منعقد ہوئے تھے۔

XS
SM
MD
LG