رسائی کے لنکس

خلیج میکسکو میں تیل کے اخراج پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں


سمندر میں بھاری مقدار میں تیل خارج ہونے کے حادثے پر قابو پانے کی کوششوں کا جائزہ لینے کے لیے، امریکی انتظامیہ کے چوٹی کے عہدے دار جنوب مشرقی ریاست لُوئى زیانا پہنچ چکے ہیں

صدر براک اوباما نے اپنی انتظامیہ کے چوٹی کے عہدے داروں کو جنوب مشرقی ریاست لُوئى زیانا بھیج دیا ہے، جہاں وہ سمندر میں بھاری مقدار میں تیل خارج ہونے کے اُس حادثے پر قابو پانے کی کوششوں کا جائزہ لیں گے، جو خلیج کے امریکی ساحلی علاقے کو متاثر کررہا ہے۔

امریکہ کی داخلی سلامتی کی وزیر جینیٹ نپولی ٹانو، وزیرِ داخلہ کَین سلازار اور تحفطِ ماحول کی ایجنسی کی سربراہ لیزا جیکسن اور دوسرے عہدے دار مقامی عہدے داروں سے ملاقات کریں گے اور علاقے کا فضائى معائنہ کریں گے۔

مسٹر اوباما نے جمعے کے روز نامہ نگاروں سے کہا ہے کہ اندرونِ ملک تیل کی پیداوار اگرچہ امریکہ کی مجموعی سلامتی کی حکمت عملی کا ایک اہم حصّہ ہے، لیکن یہ کام لازماً ذمّے داری کے ساتھ کیا جانا چاہئیے اور تیل کے کنوؤں کی کُھدائى کے نئے پٹّوں میں لازماً ایسے تحفظات شامل ہونے چاہئیں جو تیل کے اخراج کے حادثوں کی روک تھام کرسکیں۔

تیل کے ایک کنوئیں سے خارج ہونے والا تیل جمعرات کو دیر گئے لُوی زِیانا کے ساحل تک پہنچ گیا تھا۔ریاست کے گورنر بابی جندل نے ہنگامی حالت کا اعلان کردیا ہے۔

وائٹ ہاؤس کے مُشیر ڈیوڈ ایکسل رَوڈ نے جمعے کے روز کہا ہے کہ جب تک اس چیز کا تعیّن نہیں کرلیا جاتا کہ تیل کے کنوئیں میں حادثے کا سبب کیا تھا، ساحل سے پرے سمندر میں کوئى نئى کھدائى نہیں ہوگی۔

XS
SM
MD
LG