رسائی کے لنکس

تیل کے اخراج سے متاثرہ امریکیوں کی امداد کی جائے گی: اوباما


صدر براک اوباما نے کہا ہے کہ خلیجِ میکسیکو میں تیل رِسنے کے باعث متاثرین کی امداد کے کام کی وہ بذاتِ خود نگرانی کریں گے، جب تک کہ اِس بحران اور اُس کے اثرات سے نمٹا نہیں جاتا۔

مسٹر اوباما نے ہفتے کو اپنے ہفتہ وار خطاب میں امریکی حکومت کی طرف سےتیل کے اخراج کو روکنے اور بہنے والے لاکھوں لِٹر تیل کی صفائی کے کام کے لیے کی جانے والی کوششوں کا خاکہ پیش کیا، جِن کے باعث ساحلِ سمندر کو نقصان پہنچا ہے۔

مسٹر اوباما نے یہ بیان جمعے کو جنوبی ریاست لوزیانا جانے کے بعد دیا، جہاں اُنھوں نے بی پی کمپنی کے کنویں میں سے خارج ہونے والے تیل کو روکنے کے لیے جاری کام کا جائزہ لیا۔

مسٹر اوباما نے کہا کہ بظاہر لگتا ہے کہ بی پی کمپنی نے تیل کے کنویں پر ڈھکنا رکھ دیا ہے، بجائے خلیج کے اندر خام تیل بہنے کےاب سطح زمین پر تیل کی ترسیل کے کام میں پیش رفت لگتی ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ اُسے رستے ہوئے یومیہ اندازاًً 19000بیرل تیل میں سے 1000بیرل کو محفوظ بنانے میں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔
کوسٹ گارڈ کے ایڈمرل تھاڈ ایلن نے بتایا ہے کہ کنویں کو مرحلہ وار سر بمہر کرکے بی پی کمپنی کافی حد تک سمندر میں ضائع ہونےوالے تیل پر کنٹرول حاصل کرلے گی۔

لیکن صدر کا کہنا ہے کہ جب تک بی پی کمپنی، تیل کے امدادی کنووں کی تعمیر کا کام مکمل نہیں کر لیتی تب تک تیل کا رِسنا مکمل طور پر ختم نہیں ہوگا۔ توقع ہے کہ یہ کنویں اگست تک مکمل ہو جائیں گے۔

مسٹر اوباما کہتے ہیں کہ تیل کے اخراج کی صفائی پر لگ بھگ 2000بحری جہاز مامور ہیں، جب کہ ساحل کو محفوظ بنا نے کے لیے 1300کلومیٹر کے ساحلی علاقے پر رکاوٹیں نصب کی گئی ہیں۔

امریکی صدر کہتے ہیں کہ تیل کے اخراج کے کنٹرول کے کام میں مدد دینے کے لیے اُنھوں نے 17500نیشنل گارڈ فوج کی تعیناتی کے احکامات جاری کردیے ہیں۔

مسٹر اوباما اگلے ہفتے اُن 11کارکنوں کے خاندانوں سے ملاقات کرنے والے ہیں جو اپریل میں خلیجِ میکسیکو میں بی پی کے تیل کے کنویں میں ہونے والے دھماکے میں ہلاک ہوگئے تھے۔

اُس وقت سے لے کر، اِس کنویں سے یومیہ ہزاروں بیرل خام تیل اُبل رہا ہے۔ اخراج سے خلیج کے پورے علاقے میں اثرات پھیل چکے ہیں، یہاں تک کہ پرندوں اور دوسری آبی حیات پر تیل کے بُرے خراب اثرات نمایاں ہیں۔ تیل کے اخراج سے خطے کی مچھلی کی صنعت کو شدیدنقصان پہنچنے کا خطرہ لاحق ہے۔

تیل کے اخراج کے حوالے سےاب تک کے نقصانات کے طور پر، حکومتِ امریکہ نے بی پی کے خلاف چھ کروڑ 90لاکھ ڈالر کی رقم ہرجانے کا دعویٰ کیا ہے۔

XS
SM
MD
LG