رسائی کے لنکس

تیونس میں غیر ملکی سیاحوں کے ہوٹل پر حملہ، 27 افراد ہلاک


حملے کے بعد ساحل پر ہلاک ہونے والوں کی لاشیں موجود ہیں
حملے کے بعد ساحل پر ہلاک ہونے والوں کی لاشیں موجود ہیں

حکام نے تصدیق کی ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں کئی غیر ملکی بھی شامل ہیں لیکن تاحال ان کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔

تیونس میں بحیرہ روم کے کنارے واقع ایک ہوٹل پر دہشت گردوں کے حملے میں کم از کم 27 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

تیونس کی وزارتِ داخلہ کے مطابق حملہ جمعے کو تیونس کے مشہور سیاحتی شہر سوسۃ میں 'امپیریل مرحبا ہوٹل' پر کیا گیا ہے جہاں مسلح حملہ آور نے ہوٹل کے باہر ساحل پر موجود افراد پر کلاشنکوف سے فائرنگ کردی۔

حکام کے مطابق سکیورٹی فورسز کی فوری جوابی کارروائی میں ایک حملہ آور مارا گیا ہے جب کہ اس کا ایک ساتھی موقع سے فرار ہوگیا ہے جس کی تلاش جاری ہے۔

حکام نے تصدیق کی ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں کئی غیر ملکی بھی شامل ہیں لیکن تاحال ان کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔

وزارتِ داخلہ کے ترجمان محمد علی اروعی کے مطابق کم از کم ایک مسلح دہشت گرد ہوٹل کے احاطے میں آنے والی ساحلی پٹی میں داخل ہوا اور وہاں موجود سیاحوں، ملازمین اور دیگر افراد پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔

ترجمان نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیر رکھا ہے اور فرار ہونے والےمبینہ دہشت گرد کی تلاش جاری ہے۔

ترجمان کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں چھ افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

ہوٹل کے ایک ملازم نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ فائرنگ کرنے والا شخص نوجوان اور حلیے سے سیاح لگ رہا تھا جو موقع پر پہنچنے والے پولیس اہلکاروں کی جوابی فائرنگ سے مارا گیا ہے۔

حملے کا نشانہ بننے والے سوسۃ شہر کا شمار تیونس کے معروف سیاحتی مقامات میں ہوتا ہے جہاں کا ساحل یورپی اور پڑوسی افریقی ملکوں سے آنے والے سیاحوں میں بہت مقبول ہے۔

تیونس میں رواں سال کے دوران دہشت گردی کا یہ دوسرا بڑا واقعہ ہے جس کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی ہے۔

تیونس کا شمار اسلامی دنیا کے نسبتاً خوش حال، پر امن اور روشن خیال ملکوں میں ہوتا ہے لیکن حالیہ مہینوں کے دوران وہاں شدت پسندی کے کئی واقعات پیش آئے ہیں جن کی ذمہ داری شمالی افریقہ میں سرگرم مختلف مسلمان شدت پسند تنظیمیں قبول کرتی آئی ہیں۔

اس سے قبل مارچ میں شدت پسندوں نے دارالحکومت کے ایک معروف عجائب گھر پر دھاوا بول کر غیر ملکی سیاحوں کے ایک گروہ کو قتل کردیا تھا۔

XS
SM
MD
LG