رسائی کے لنکس

قندھار میں اسپتال پر حملہ، دونوں خودکش حملہ آور مارے گئے


فائل فوٹو
فائل فوٹو

جھڑپ میں افغانستان کی انٹیلی جنس ایجنسی ’نیشنل ڈائریکٹوریٹ آف سکیورٹی‘ کا ایک افسر بھی مارا گیا۔

افغان حکام کا کہنا ہے کہ ملک کے جنوبی شہر قندھار کے ایک اسپتال میں داخل ہونے والے دو مسلح خودکش بمباروں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق قندھار کے مرکزی اسپتال میں یہ لڑائی تقریباً دو گھنٹوں تک جاری رہی۔

جھڑپ میں افغانستان کی انٹیلی جنس ایجنسی ’نیشنل ڈائریکٹوریٹ آف سکیورٹی‘ کا ایک افسر بھی مارا گیا۔

افغان حکام کے مطابق اسپتال میں محاصرے کی صورت حال اُس وقت پیدا ہوئی جب پیر کو فائرنگ کرتے ہوئے دونوں مسلح خودکش حملہ آور اسپتال میں داخل ہو گئے۔

اطلاعات کے مطابق قندھار کے صوبائی گورنر نے عید کے موقع پر مریضوں کی عیادت کے لیے اسپتال کا دورہ کرنا تھا اور بظاہر حملہ آوروں کا ہدف صوبائی گورنر تھا۔

قندھار کے اس اسپتال میں پولیس اور فوجی اہلکاروں سمیت جنگ سے متاثرہ افراد کا علاج کیا جاتا ہے۔

حالیہ مہینوں میں افغانستان کے مختلف علاقوں میں عسکریت پسندوں کے حملوں میں اضافہ ہوا ہے جن میں نا صرف سکیورٹی فورسز بلکہ عام شہریوں کو بھی نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔

ایک روز قبل اتوار کو صوبہ ننگر ہار میں سڑک میں نصب بم دھماکے میں طالبان مخالف صوبائی پولیس سربراہ مارا گیا تھا۔

XS
SM
MD
LG