رسائی کے لنکس

عراق: مسلح افراد کا حملہ، 12 افراد ہلاک


بلاد شہر میں ہونے والے اس حملے سے قبل گزشتہ دو دنوں میں دارالحکومت بغداد میں بھی حملے ہوئے جن میں کم ازکم 80 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ اُن حملوں کی ذمہ داری انتہا پسند گروپ داعش نے قبول کی تھی۔

عراق میں مسلح افراد نے بغداد کے شمال میں واقع شہر کے ایک معروف کیفے میں حملہ کر کے 12 افراد کو ہلاک اور 15 کو زخمی کر دیا۔

عراقی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ تین مسلح افراد نے جمعرات کو بلاد قصبے میں واقع ایک کافی شاپ پر اس وقت حملہ کیا جب لوگ بڑی تعداد میں وہاں موجود تھے۔ اس قصبہ کی زیادہ تر آبادی شعیہ مسلک سے تعلق رکھتی ہے۔

پولیس کے موقع پر پہنچے کے بعد دو حملہ آوروں نے اپنے جسم سے بندھے بارودی مواد میں دھماکا کر دیا۔

بلاد شہر میں ہونے والے اس حملے سے قبل گزشتہ دو دنوں میں دارالحکومت بغداد میں بھی حملے ہوئے جن میں کم ازکم 80 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ اُن حملوں کی ذمہ داری انتہا پسند گروپ داعش نے قبول کی تھی۔

قبل ازیں اسی ہفتے عراق میں امریکی زمینی افواج کے کمانڈر میجر جنرل گیری وولیسکی نے کہا تھا کہ انہتا پسندوں کی طرف سے کیے جانے والے حملوں کے باوجود عراق میں داعش عسکریت پسند "کمزور سے کمزورتر" ہو رہے ہیں۔

وولیسکی نے عراق سے ٹیلی فون کے ذریعے واشنگٹن کے قریب واقع وزارت ِدفاع کے دفتر میں موجود نامہ نگاروں سے گفتگو میں داعش کے زیر کنڑول علاقوں سے ان کا قبضہ چھڑانے کی مہم سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ عراقی فورسز نے باغیوں کے زیر قبضہ علاقوں کا قبضہ دوبارہ حاصل کرنے کے لیے "خاصی پیش رفت" کی ہے۔

حالیہ ہفتوں میں امریکہ یہ کہہ چکا ہے کہ عراقی فورسز اور داعش کے خلاف برسرپیکار دیگر دستوں نے اس انتہاپسند تنظیم کے زیر قبضہ علاقے کا 40 فیصد حصہ واگزار کرا لیا ہے۔

XS
SM
MD
LG