رسائی کے لنکس

امریکی باشندوں پر ہیٹی سے بچوں کو اغواء کرنے کا الزام عائد


ہیٹی میں حکام نے10 امریکی باشندوں پر 33 بچوں کوملک سے اغواء کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ ان الزامات کا اعلان جمعرات کو اُس وقت کیا جب پانچ خواتین اور پانچ مردامریکیوں کو پورٹ او پرنس کی ایک عدالت میں پیش کیا گیا بعد میں اُنھیں ہیٹی کے دارالحکومت کی جیل بھیج دیا گیا۔

ان افراد کو گذشتہ جمعہ کے روز اُس وقت گرفتار کیا گیا جب اُنھوں نے ہیٹی کے 33بچوں کے ساتھ ڈومینکین ری پبلک میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی۔

امریکی وزارت خارجہ کے ایک ترجمان نے جمعرات کے روز کہا کہ زیرحراست امریکی شہریوں کو قانونی مدد فراہم کی جارہی ہے اوروہ اس حوالے سے ہونے والی پیش رفت پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

بچوں کو پورٹ او پرنس کے ایک بین الاقوامی امدادی ادارے کے زیر اہتمام چلنے والے یتیم بچوں کے ایک ادارے میں پہنچا دیا گیا تھا جہاں کام کرنے والے بعض افراد کا کہنا ہے کہ کچھ بچوں نے اُنھیں بتایا ہے کہ وہ یتیم نہیں ہیں۔

ہیٹی کے سماجی اُمور کے وزیرنے اس کارروائی کو اغواء کی کوشش قرار دیا تھااُن کا کہنا ہے کہ بچوں کو ملک سے باہر لے جانے کے لیے وزارت سماجی اُمور کی جانب سے اجازت نامہ حاصل کرنا ضروری تھا۔ حکومت نے بچوں کو گود لینے سے متعلق سرگرمیوں کو اس خدشے کے باعث بھی معطل کردیا تھا کہ یتیم یا گمشدہ بچوں کو اسمگل کیا جا سکتا ہے۔

ہیٹی کے حکام کے مطابق 12 جنوری کو 7.0 شدت کے زلزلے میں دولاکھ افراد ہلاک جب کہ تین لاکھ زخمی ہوئے ہیں اور 10 لاکھ لوگ اس سانحہ میں بے گھر ہو گئے تھے۔

XS
SM
MD
LG