رسائی کے لنکس

ہیٹی : کمرشل پروازیں جلد ہی دوبارہ شروع ہوجائیں گی


ہیٹی زلزلہ زدگان
ہیٹی زلزلہ زدگان

تُوسَیں لاوَورچا انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے کنٹرول ٹاور کو 12 جنوری کے زلزلے میں شدید نقصان پہنچا تھااور زلزلے کے چند ہی روز بعد امریکی فوج نے ایئر ٹریفک کنٹرولر کے فرائض سنبھال لیے تھے

امریکہ کے فوجی عہدے داروں نے کہا ہے کہ ہیٹی کے بین الاقوامی ہوائى اڈے کو اُس ملک میں تباہ کن زلزلے کے بعد پہلی بار جمعے کے روز اہم کمرشل پروازوں کے لیے کھول دیا جائے گا۔

تُوسَیں لاوَورچا انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے کنٹرول ٹاور کو 12 جنوری کے زلزلے میں شدید نقصان پہنچا تھااور زلزلے کے چند ہی روز بعد امریکی فوج نے ایئر ٹریفک کنٹرولر کے فرائض سنبھال لیے تھے۔تاہم فوج نے کہا ہے کہ اُس نے دن کے وقت ٹریفک کنٹرول کرنے کی ذمّے داریاں بتدریج ہیٹی کے لوگوں کو منتقل کردی ہیں۔

زلزلے سے ہوائى اڈے پر ٹرمنل کی عمارت کوبھی بھاری نقصان پہنچا تھا۔ لیکن عہدے داروں نے کہا ہےکہ عمارت کے اُس حصّے کی مرمّت کی جارہی ہے، جسے فضائى کمپنیاں استعمال کریں گی۔

ہیٹی میں پچھلے مہینے کے زلزلے کے بعد سے یہ ہوائى اڈا ،90 لاکھ کی آبادی والے اس ملک کے لیے بہت وسیع پیمانے پر بین الاقوامی امدادی کارروائیوں مرکز بنا رہا ہے۔

امریکی فوج نے یہ بھی بتایا ہے کہ جب امدادی کوششیں اپنے عروج پر تھیں تو روزانہ کم سے کم 120 فوجی ٹرانسپورٹ طیارے اور چارٹر کیے ہوئے طیارے اس ہوائى اڈّے پر اُتر رہے تھے۔ لیکن اب ایسی پروازیں کم ہوتے ہوتے روزانہ تقریباً70 رہ گئى ہیں۔

ہیٹی میں پچھلے مہینے کے ہولناک زلزلے کے میں پورٹ او پرنس اور اُس کے آس پاس کے علاقے تباہ ہوگئے تھے اور کم سے کم دو لاکھ 17 ہزار لوگ ہلاک ہوئےتھے۔ ہیٹی کے لوگوں نے سات عشاریہ صفر شدّت کے زلزلے کے ٹھیک ایک مہینے کے بعد جمعے کے روز مرنے والوں کے لیے سوگ کا ایک قومی دن منایاتھا۔

ہیٹی مغربی نصف کرہ ارض پر سب سے غریب ملک ہے اور وہ زلزلے سے پہلے ہی 2008 کے استوائى طوفانوں میں ملک کی 15 فیصد معیشت کے تباہ ہوجانے کے بعد بحالی کے لیے ہاتھ پاؤں مار رہا تھا۔

XS
SM
MD
LG