رسائی کے لنکس

ہیٹی میں ایک اور طاقت ور زلزلہ


ہیٹی میں گذشتہ ہفتے کے تباہ کن زلزلے کے بعد ایک اور طاقت ور زلزلہ آیا ہےجس سے عمارتیں ہل کر رہ گئیں اور افراتفری پھیل گئی۔

امریکی جیالوجیکل سروے کا کہنا ہے کہ تازہ ترین زلزلے کی شدت رکٹر اسکیل پر چھ اعشاریہ ایک تھی اور اس کا مرکز تباہ شدہ دارالحکومت پورٹ او پرنس سے 59 کلومیٹر دور تھا۔ اس زلزلے میں پہنچنے والے نقصان اور زخمیوں کے بارے میں فوری طور پر کوئی خبریں نہیں ملی ہیں۔ یہ زلزلہ ایک ایسے وقت میں آیا ہے کہ جب گذشتہ ہفتے کے زلزلے کے متاثرین کی مدد کے لیے بین الاقوامی امدادی کوششیں جاری ہیں۔

امریکی وزیر دفاع رابرٹ گیٹس نے امریکہ زلزلے سے بحالی میں مدد کے لیے مزید بحری جہاز بھیجنے کا اعلان کیا ہے جن میں ملبہ صاف کرنے والی ایک گاڑی شامل ہے تاکہ اس ملبے کو ہٹایا جا سکے جس سے دارالحکومت کی مرکزی بندر گاہ تک کا راستہ بند ہو گیا ہے۔ اس ملبے کے باعث بڑے بحری جہازوں کے ذریعے خوراک اور اہم امدادی سامان کی ترسیل رک گئی ہے۔

منگل کے روز امریکی ہیلی کاپٹر پورٹ او پرنس میں فوجیوں کی تعیناتی اور امدادی سامان کی ترسیل کے لیے تباہ شدہ صدارتی محل کے علاقے میں اترے۔

توقع ہے کہ بدھ کی رات امریکی بحریہ کا طبی سہولتوں سے لیس ایک بحری جہاز جس میں ایک ہزار بستر موجود ہیں، ہیٹی پہنچ جائے گا۔ منگل کی رات دو شدید زخمی لڑکوں کو ہنگامی طور پرسرجری کے لیے فضائی ذریعے سے اس بحری جہاز میں پہنچایا گیا تھا۔

نیویارک میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل ہیٹی میں اقوام متحدہ کے پہلے سے موجود ہزاروں فوجیوں میں شامل کرنے کے لیے مزید دو ہزار فوجی اور پولیس کے 1500 ارکان بھیجنے پر رضامند ہو گئی۔ اقوام متحدہ کے امن کاروں کے سر براہ الین لی رائے کا کہنا ہے کہ اضافی فوجیوں کو انسانی ہمدردی سے متعلق قافلوں کی حفاظت کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

امریکی محکمہٴ خارجہ نے کہا ہے کہ ہیٹی کے جن باشندوں کو ملک کے اندر کسی ہنگامی مدد کی ضرورت ہے وہ اپنی ضروریات اور اپنی جگہ کے بارے میں 4636 پر ٹیکسٹ میسیج بھیج سکتے ہیں۔ یہ پیغام ان امدادی اداروں تک پہنچ جائے گا جو رد عمل ظاہر کر سکتے ہیں یا امداد کی ترسیل کے کسی قریب ترین مرکز کو ہدایات دے سکتے ہیں۔ یہ سہولت اس وقت صرف ڈیجیٹل موبائیل فونز تک محدود ہے۔

امریکی وزیر خارجہ ہلری کلنٹن ہیٹی کے لیے امداد سے متعلق عطیات دہندگان کی ایک آئندہ کانفرنس کی تیاری کی غرض سے اجلاس کے لیے پیر کو کینیڈا روانہ ہو رہی ہیں۔

XS
SM
MD
LG