رسائی کے لنکس

ہیٹی زلزلہ متاثرین کے لیے مزید امداد کی درخواست


اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے سلامتی کونسل سے ہیٹی کے لیے مزید فوج اور پولیس فورس کی درخواست کی ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے سلامتی کونسل سے ہیٹی کے لیے مزید فوج اور پولیس فورس کی درخواست کی ہے۔

سیکرٹری جنرل ہیٹی کا طوفانی دورہ کر کے اتوار کو رات گئے نیو یارک واپس پہنچے۔ ان کے مطابق ہیٹی کی صورتحال بے حد خراب ہے: ’’پورا ملک، پورا شہر تباہ و برباد ہو چکا ہے۔ ایسا پہلے کبھی نہیں ہوا۔ یہ حالیہ دہائیوں میں آنے والی ایک بڑی قدرتی آفت ہے‘‘۔

سیکرٹری جنرل کے مطابق اس وقت ہیٹی میں امدادی کام کرنے والوں کو دو اہم چیلنجوں کا سامنا ہے۔ ایک تو ذرائع آمدورفت اور انتظامی سہولیات کے تباہ ہوجانے کی وجہ سے امدادی سامان لوگوں تک پہنچانے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں اور دوسرے مخلتف تنظیموں کے درمیان امدادی کاموں میں انتظامی رابطے کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔

اسی لیے انھوں نے سلامتی کونسل سے درخواست کی ہے کہ ہیٹی کے اقوام متحدہ کے مشن میں 1500 پولیس اہلکاروں کا اور چھ مہینے کے لیے دو ہزار فوجیوں کا اضافہ کردے۔

سلامتی کونسل نے سیکرٹری جنرل کی تجاویز کی حمایت کی ہے۔

زلزلے کی وجہ سے ہیٹی میں اقوام متحدہ کے 46 اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔

گذشتہ ہفتے اقوام متحدہ اور اس کی ساتھی تنظیموں نے ہیٹی کے لیے چھ سو ملین ڈالر یا 60 کروڑ ڈالر کی امداد کی اپیل کی تھی۔ جس سے زلزلے سے متاثر ہونے والے30 لاکھ افراد کی چھ مہینے تک مدد کی جا سکے گی۔

XS
SM
MD
LG