رسائی کے لنکس

امریکہ ہیٹی کے ساتھ ہے: اوباما



امریکی صدر براک اوباما نے کہا ہے کہ ہیٹی میں تباہی کے سوا اور کچھ نہیں بچا۔

صدر نےجمعرات کے روز وہائیٹ ہاؤس میں امریکہ کی امدادی کوششوں کے لیے 10 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ امریکی امداد بحیرہ کریبی کے اُس ملک میں پہنچ گئى اور مزید امداد پہنچنے والی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ تمام امریکی وسائل اور کارکنوں کے وہاں پہنچنے میں کئى گھنٹے اور ہوسکتا ہے کہ کئى دن لگ جائیں۔ انہوں نے کہاکہ امریکہ ہیٹی کے ساتھ ہے۔

صدر اوباما نے کہا ہے کہ امریکہ، طیارہ بردارجہاز یو ایس ایس کارل وِنسن اور بحریہ کے ایک ہاسپٹل شِپ کو بھی علاقے میں تعینات کررہا ہے۔

امریکہ کے 2000 سے زیادہ مَرین فوجی سیکورٹی کی ضرورتوں کو پورا کرنے، زندہ بچ جانے والوں کو تلاش کرنے اور بچانے اور فلاحی امداد کی تقسیم میں مدد کے لیے ہیٹی جارہے ہیں۔

امریکہ کے 82 ویں چھاتا بردار ڈویژن کے فوجی ہیٹی میں ایک بڑی فوج کی آمد کی تیاری کرنے کے لیے جمعرات کے روز ریاست نارتھ کیرولائینا میں ایک فوجی اڈے سے روانہ ہورہے ہیں۔

ہیٹی کے لیے اقوامِ متحدہ کے خصوصی ایلچی اور سابق امریکی صدر بل کلنٹن نے کہا ہے کہ یہ زلزلہ ، امریکی براعظموں کی تاریخ میں انسانی مصائب کی بدترین ہنگامی صورتِ حال ہے۔

مسٹر اوباما نے ہیٹی سے وعدہ کیا ہے کہ وہ لوگوں کو بچانے اور فلاحی امداد پہنچانے میں اُس کی بھرپور مدد کرے گا۔

وزیر خارجہ ہلری کلنٹن اور وزیرِ دفاع رابرٹ گیٹس نے واشنگٹن میں رہتے ہوئے ہیٹی میں امدادی کوششوں کی راہنمائى میں مدد کرنے کے لیےاپنے ایشیا بحر الکاہل کے خطّے کے دورے منسوخ کردیے ہیں۔

امریکہ کی بین الاقوامی ترقیاتی ایجنسی کے سربراہ راجیو شاہ نے کہا ہے کہ قدرتی آفت کے ردّ عمل میں بھیجی جانے والی امریکہ کی امدادی ٹیموں میں عملے کے افراد، زخمیوں کو تلاش کرنے اور بچانے والے تربیت یافتہ کُتے اور بچانے کی کارروائیوں میں استعمال ہونے والا 48 ٹن سازو سامان شامل ہے۔

XS
SM
MD
LG