رسائی کے لنکس

ہیٹی : زلزلے میں ہلاک ہونے والوں کے لیے سو گ کا قومی دن


ٹھیک ایک مہینے کے بعد جمعے کے روز پورے دارالحکومت میں لوگ مختلف مقامات پر دعا کے اجتماعات میں یکجا ہوئے

ہیٹی میں پچھلے مہینے کے اُس ہولناک زلزلے کے بعد، جس میں پورٹ او پرنس اور اُس کے آس پاس کے علاقے تباہ ہوگئے تھے اور کم سے کم دو لاکھ 17 ہزار لوگ ہلاک ہوئےتھے، ملک کے لوگ مرنے والوں کے لیے سوگ کا ایک قومی دن منا رہے ہیں۔

سات عشاریہ صفر شدّت کے زلزلے کے ٹھیک ایک مہینے کے بعد جمعے کے روز پورے دارالحکومت میں لوگ مختلف مقامات پر دعا کے اجتماعات میں یکجا ہوئے۔ایسے ہی ایک اجتماع میں ہیٹی کے صدررینے پریوال نے بھی شرکت کی ۔ وہ سفید قمیص پہنے ہوئے تھے اور انہوں نے سوگ کی علامت کے طور پر بازو پر ایک سیاہ پٹی باندھی ہوئى تھی۔ صدر پریوال نے اس موقعے پرخطاب کرتے ہوئے لوگوں پر زور دیا کہ اب وہ اپنے آنسو پونچھ دیں اور ملک کی تعمیرِ نو میں مصروف ہوجائیں۔

وائٹ ہاؤس نے جمعے کے روز ایک بیان جاری کیا ہے ۔ جس میں کہا گیا ہے کہ بحالی اور تعمیرِنو کے اس مرحلے میں امریکہ بدستور اپنے ہیٹی کے دوستوں کا ساتھ دیتا رہے گا۔بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ صورتِ حال بدستور تشویشناک ہے اور آنے والے بارشوں کے موسم میں نئے مسائل پیدا ہوں گے۔

امدادی ایجنسیاں چند ہفتے بعد شروع ہونے والے برسات کے موسم سے پہلے پہلے اندازاً 10 لاکھ بےگھر لوگوں کو سَر چھپانے کا سامان فراہم کرنے کی سر توڑ کوشش کررہی ہیں۔

ہیٹی مغربی نصف کرہ ارض پر سب سے غریب ملک ہے اور وہ پہلے ہی 2008 کے استوائى طوفانوں میں ملک کی 15 فیصد معیشت کے تباہ ہوجانے کے بعد بحالی کے لیے ہاتھ پاؤں مار رہا تھا۔

XS
SM
MD
LG