رسائی کے لنکس

ہیٹی میں امدادی ٹیموں کی مدد کے لیے ترجمہ مشین


ہیٹی میں امدادی ٹیموں کی مدد کے لیے ترجمہ مشین
ہیٹی میں امدادی ٹیموں کی مدد کے لیے ترجمہ مشین

مائیکرو سافٹ اورحال ہی میں گوگل کے تیار کیے ہوئے اِن مشینی مترجموں سے امدادی کارکنوں کوامداد فراہم کرنے میں بڑی مدد مل رہی ہے: لاری تھِک

ہیٹی میں اُس ہولناک زلزلے کے بعد جس میں تقریباً دو لاکھ لوگ ہلاک اور اندازاً 15لاکھ بے گھر ہوگیے، بین الاقوامی امدادی ٹیمیں، بے گھر لوگوں اور زخمیوں کو زیادہ مؤثر طریقے سے مدد فراہم کرنے کے لیے اب ترجمہ کرنے والی ایک ایسی مشین سے مدد لے رہی ہیں، جسے عرصہ ہوا فراموش کردیا گیا تھا۔

اِس مشین کی اہمیت کا اندازہ آپ یوں لگا سکتے ہیں کہ دنیا میں جہاں بھی اور جب کبھی کوئی بہت بڑی آفت آتی ہے، جیسا کہ چند سال پہلے جنوب مشرقی ایشیا کی سُونامی یا دو سال پہلے پاکستان کے شمالی علاقوں میں زلزلے کا واقعہ، تو دنیا بھر سے امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں پہنچ جاتی ہیں۔

اِن امدادی ٹیموں میں ڈاکٹروں، نرسوں اور دوسرے امدادی کارکنوں کے ساتھ ساتھ کمپیوٹر کے ماہرین اور مترجموں کی ایک بڑی تعداد بھی شامل ہوتی ہے۔ ا،س لیے کہ اِن تمام لوگوں کو جو دوسروں کی مدد کے لیے متاثرہ علاقے میں پہنچتے ہیں، ضروری نہیں کہ ضرورت مند لوگوں کی زبان بھی سمجھ میں آتی ہو اور امداد فراہم کرنے کا یہی وہ پہلا اور نازک مرحلہ ہوتا ہے جب امدادی کارکنوں کو مترجم کی ضرورت پڑتی ہے۔

ایسے ہی ایک مترجم اور امریکہ میں کارنیگی میلن یونی ورسٹی کے سابق ماہرِ لسانیات جیف ایلن ہیں جنہیں امریکی فوج نے سنہ 1990کے عشرے میں اپنے امدادی کارکنوں کے ہمراہ ہیٹی بھیجا تھا۔

ایلن، ہیٹی کی زبان سِریول روانی کے ساتھ بول سکتے ہیں اور اُنھوں نے ہیٹی میں سِریول زبان کے جملوں کے نمونوں اور دوہزار لسانی مواد جمع کرنے کے ایک پراجیکٹ کی قیادت کی تھی۔

کارنیگی میلن یونی ورسٹی کے اِس پراجیکٹ کو 'ڈپلومیٹ' کا نام دیا گیا تھا اور ریسرچ کے اِس منصوبے کے تحت ماہرین نے سِریول سے انگریزی میں تحریری اور صوتی ترجمے کا ایک بہت وسیع مواد جمع کیا تھا۔

ایلن کا کہنا ہے کہ اُنھوں نے اور اُن کی ٹیم نے ہیٹی کی آبادی میں مختلف لوگوں سے نو مہینے تک وہ مواد جمع کیا تھا اور پھر دو سال تک یونی ورسٹی میں بیٹھ کر اُس سارے مواد کا انگزیری میں ترجمہ کیا تھا۔

بعد میں کارنیگی میلن ہی میں لسانیات کے ٹیکنالوجی انسٹی ٹیوٹ کے کمپیوٹر کے ماہر، رابرٹ فیڈرکنگ کی قیادت میں ایک اور ٹیم نے پراجیکٹ ڈپلومیٹ کے جمع کیے ہوئے مواد کی بنیاد پر لیپ ٹاپ کمپیوٹر میں استعمال کرنے کے لیے ایک مترجم بنا کر ہیٹی بھیج دیا۔

ایلن نے بتایا کہ ہیٹی میں لوگوں کو اس مترجم کی ضرورت نہ پڑی اور یہ چار مہینوں تک کسی الماری میں پڑا رہا۔ آخر میں اُن لوگوں نے اِسے واپس کارنیگی میلن یونی ورسٹی کو بھیج دیا۔

اُنھوں نے بتایا کہ چونکہ اُس 'مترجم' کے اندر محنت سے جمع کیا ہوا بہت قیمتی مواد جمع تھا، اِس لیے وہ پراجیکٹ کے ختم ہونے کے بعد برسوں تک اُس کی حفاظت کرتے رہے تھے۔

ایلن آج کل پیرس میں سافٹ ویئر کی بہت بڑی کمپنی 'ایس اے پی ' سے وابستہ ہیں۔ اُنھوں نے بتایا کہ جب ہیٹی میں زلزلہ آیا اور اُنھوں نے ٹیلی ویژن پر تباہی کے مناظر دیکھے تو اُنھیں خیال آیا کہ کارنیگی میلن میں ابھی تک کمپیوٹر میں سِریول سے انگریزی میں ترجمے کا وہ سارا مواد محفوظ ہے جس سے اب ہیٹی میں جاری امدادی کاموں میں مدد مل سکتی ہے۔

چناچہ، اُنھوں نے یونی ورسٹی کو ٹیلی فون کیا اور کہا کہ ہمیں اِس موقع پر کچھ کرنا چاہیئے، اور یوں 21جنوری کو یونی ورسٹی نے ایلن کی مدد سے اُس سارے مواد کو عام لوگوں کے استفادے کے لیے جاری کردیا۔

ایلن نے بتایا کہ اُنھوں نے اور اُن کے ساتھیوں نے کارنیگی میلن کی انٹرنیٹ سائٹ پر سِریول اور انگریزی زبانوں میں 13ہزار متوازی جملے اور 35ہزار متوازی اصطلاحات پوسٹ کردی ہیں۔

مائکروسافٹ ریسرچ نے فوری طور پر اِس قیمتی مواد سے فائدہ اُٹھایا، جو ویب کی بنیاد پر پہلے ہی 23زبانوں میں ترجمے کی سروس فراہم کر رہا ہے۔

کمپنی کے پروڈکٹ مینجر وِکرم ڈینڈی نے بتایا کہ اُنھوں نے اپنی ٹیم کے ساتھ مل کر پانچ دِن کے اندر اندر انٹرنیٹ پر سِریول اور انگریزی زبانوں کے لیے ایک ایسا مترجم تیار کردیا جسے خاص طور پر قدرتی آفات کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ مثلاً اِس میں دونوں زبانوں میں ایسے بہت سے سوال اور اُن کے جواب شامل ہیں جو زخمیوں سے ہنگامی حالات میں پوچھے جاتے ہیں۔ مثلاً، 'آپ کو یہ زخم کب آیا'، یا 'آپ کو درد کہاں ہو رہا ہے'، وغیرہ، وغیرہ۔

مائیکرو سافٹ اِس 'مترجم' میں مسلسل نئے الفاظ اور جملوں کا اضافہ کرتا رہتا ہے۔

قدرتی آفات کے موقعوں پر دنیا بھر میں رضاکار مترجم فراہم کرنے والی بین الاقوامی تنظیم، ٹرانسلیٹرز وِدآؤٹ بارڈرز' کی شریک بانی لاری تھِک نے بتایا کہ اُن کی تنظیم نے انٹرنیٹ پر اِسی مترجم کی مدد سے سِریول اور انگریزی کی ایک لغت شائع کرکے ہیٹی میں تقسیم کرنا شروع کر دی ہے۔

تھِک نے کہا ہے کہ مائکرو سافٹ اور ابھی حال ہی میں گوگل کے تیار کیے ہوئے اِن مشینی مترجموں سے امدادی کارکنوں کو اپنی کارکردگی کو بہتر بنانے اور ضرورت مند لوگوں کو زیادہ تیزی سے صحیح قسم کی امداد فراہم کرنے میں بڑی مدد مل رہی ہے۔

اِن مترجموں کے ذریعے متاثرہ علاقوں کے لیے مختلف ضروری دستاویزات تیار کرنے میں بھی مدد مل رہی ہے۔



XS
SM
MD
LG