رسائی کے لنکس

امریکی فضائیہ نے ہیٹی میں امدادی سامان گرانا شروع کر دیا


اب تک ہزاروں کی تعداد میں تیار کھانے اور پانی کی بوتلیں پھینکی جا چکی ہیں

امریکی فضائیہ نے ہیٹی کے زلزلہ زدگان کے لیے خوراک اور پانی کی بوتلیں گرانا شروع کر دیا ہے۔ پورٹ او پرنس کے ہوائی اڈے پر بے تحاشا بھیڑ ہے اور سامان کی متاثرین تک رسائی بے حد مشکل ثابت ہو رہی ہے۔

امریکی فضائیہ نے پورٹ او پرنس کے ایک علاقے میں 14 ہزار تک تیار کھانے اور 15 ہزار لیٹر پھینکے ہیں۔

امریکی دفاعی حکام نے اس سے قبل یہ کہہ کر سامان گرانے کا امکان رد کر دیا تھا کہ اس سے متاثرین میں بھگڈر مچ سکتی ہے اور چھینا جھپٹی کی نوبت آ سکتی ہے۔ تاہم فوج کا کہنا ہے کہ اب اس نے بعض علاقوں کو اس مقصد کے لیے محفوظ بنا لیا ہے۔

منگل کے روز امریکی فوجی ہیلی کاپٹر کے ذریعے تباہ شدہ صدارتی محل کے میدان میں اترے اور لوگوں میں امدادی سامان تقسیم کرنا شروع کر دیا۔

بقیہ بین الاقوامی برادری بھی امدادی کارروائیاں میں تیزی لا رہی ہے۔ توقع ہے کہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل منگل کے روز ہیٹی میں امن و امان قائم رکھنے کے لیے ساڑھے تین ہزار فوجی اور پولیس اہل کاروں کی درخواست منظور کرے گی۔

امدادی کارروائیوں میں کئی طرح کی مشکلات حائل ہیں۔ سڑکیں بند ہیں، دفتر شاہی افراتفری کا شکار ہے اور مقامی انتظامیہ مکمل طور پر ختم ہو گئی ہے۔ دارالحکومت کے کچھ رہائشی شہر سے نکل کر دیہی علاقوں کا رخ کر رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG