رسائی کے لنکس

حکیم اللہ محسود کا نیا آڈیو ٹیپ


پاکستانی طالبان کے لیڈر حکیم اللہ محسود نے یہ ثابت کرنے کے لیے کہ وہ اس ہفتے مبیّنہ امریکی میزائل کے حملے میں بچ گیا تھا، ہفتے کے دن ایک نیا آڈیو ٹیپ جاری کیا ہے۔

محسود نے اس ریکارڈنگ میں کہا ہے کہ وہ زخمی نہیں ہوا تھا، اور اُس نے جمعرات کے روز جنوبی وزیرستان کے قبائلی علاقے میں بلا ہواباز طیارے کے حملے کا ذکر بھی کیا ہے۔

ہفتے کے روز اس سے پہلے افغانستان اور پاکستان کے لیے امریکہ کے خصوصی نمائندے رچرڈ ہول بروک نے کہا کہ انہیں یہ نہیں معلوم کہ اس ہفتے میزائل کے ایک حملے میں پاکستانی طالبان کا لیڈر حکیم اللہ محسود زندہ بچا تھا یا نہیں۔تاہم انہوں نے کہا کہ وہ اس بارے میں “ہر قابلِ فہم توجیہ کو سُن چکے ہیں” کہ اُس حملے میں کیا ہوا تھا۔

ہول بروک نے یہ بھی کہا ہے کہ اگر محسود ابھی تک زندہ ہے تو وہ، بقول اُن کے “زمین پر بد ترین لوگوں میں سے ایک ہے”۔ انہوں نے اُسے انتہائی سفّاک آدمی قرار دیا۔

پاکستان میں انٹیلی جنس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی طالبان کا لیڈر حکیم اللہ محسود جمعرات کے روز امریکہ کے اُس مبیّنہ بے پائلٹ طیارے یا ڈرون کے حملے میں زخمی ہوگیا تھا، جس میں کم سے کم 12 مبیّنہ جنگ جو مارے گئے تھے۔

پاکستان میں سکیورٹی سے متعلق عہدے داروں نے کہا ہے کہ جمعے کے روز افغان سرحد کے قریب پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں امریکی ڈرون کے دو اور حملوں میں کم سے کم 11 اور لوگ ہلاک ہو گئے۔حملوں کا ہدف مشتبہ جنگ جوؤں کے احاطے تھے۔

مشرقی افغانستان میں پچھلے مہینے ایک خودکُش حملے میں امریکی انٹیلی جنس کے سات ایجنٹوں کی ہلاکت کے بعد سے امریکہ نے بِلا ہواباز طیاروں کے ذریعے حملوں میں اضافہ کر دیا ہے۔

XS
SM
MD
LG