رسائی کے لنکس

نصف برطانوی عوام شہزادہ ولیم کو انگلستان کا اگلا بادشاہ دیکھنا چاہتی ہے: جائزہ رپورٹ


54 فیصد برطانوی عوام نے ملکہ برطانیہ کوئین الزبیتھ کے جانشین شہزادہ چارلس کے بجائے ان کے ولی عہد بیٹے شہزادہ ولیم کو سربراہ مملکت کی حیثیت سے پسند کیا ہے

ایک عوامی جائزے کے نتائج کے مطابق برطانوی عوام کی اکثریت شہزادہ ولیم کو انگلستان کا اگلا بادشاہ دیکھنا چاہتی ہے۔

شاہی خاندان کے بارے میں عوامی رائے عامہ جاننے کے لیے اوپینین کی طرف سے منعقدہ جائزے سے پتا چلتا ہے کہ 54 فیصد برطانوی عوام نے ملکہ برطانیہ کوئین الزبیتھ کے جانشین شہزادہ چارلس کے بجائے ان کے ولی عہد بیٹے شہزادہ ولیم کو سربراہ مملکت کی حیثیت سے پسند کیا ہے۔

حالیہ جائزے کے نتائج سے یہ بھی پتا چلتا ہے کہ برطانیہ کی آدھی سے زیادہ عوام اس بات کے حق میں ہے کہ شہزادہ ولیم کو براہ راست بادشاہت ملنی چاہیئے اور ملکہ برطانیہ کے دنیا سے گزر جانے کے بعد شہزادے چارلس کی جگہ ان کے بیٹے ولیم کو سلطنت برطانیہ کے تخت پر بیٹھانا چاہیئے۔

رپورٹ کے مطابق 34 سالہ شہزادہ ولیم خواتین میں زیادہ مقبول ہے اور 60 فیصد سے زیادہ خواتین شہزادہ ولیم کو برطانیہ کا اگلا بادشاہ دیکھنا چاہتی ہیں۔

جب کہ 47 فیصد مرد شہزادہ ولیم کو انگلستان کا اگلا بادشاہ دیکھنے کے حق میں ہیں۔

25 فیصد برطانوی عوام جانشینی کے قانون کے تحت شہزادہ چارلس کو برطانیہ کا اگلا بادشاہ دیکھنا چاہتے ہیں۔

سروے میں پوچھا گیا تھا کہ برطانیہ میں شہنشاہیت کو جاری رکھنا چاہیئے؟

اس کے جواب میں دو تہائی عوام نے شہنشاہیت، ملکہ برطانیہ اور ان کے جانشینوں کے تحفظ کے حق میں فیصلہ دیا ہے۔

سروے کے ترجمان جیمز کراوچ نے ڈیلی میل کو بتایا کہ ہم نے پچھلے سال کے نتائج میں دیکھا تھا کہ ہم میں سے اکثریت نے شہنشاہیت کی طرف اپنی اٹوٹ وفاداری دکھائی تھی اور اس برس کے نتائج ملک کی سیاسی عدم استحکام کےتناظر می زیادہ حیران کن نہیں ہیں جب زیادہ سے زیادہ برطانوی عوام نے شاہی ادارے پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ ہو سکتا ہےکہ مستقبل میں شہنشاہیت کےحوالے سے برطانیہ میں سنجیدہ بحث چھڑ جائے لیکن ایسا لگتا ہےکہ ملکہ عالیہ اور ان کےخاندان آنے والے سالوں میں آرام سے حکومت کرتے رہیں گے۔

سروے سے انکشاف ہوا کہ 66 فیصد عوام سمجھتے ہیں کہ شہنشاہیت کا نظام برطانیہ کی معیشت کے لیے فائدہ مند ہے۔

اسی طرح 72 فیصد عوام کا خیال ہے کہ شہنشاہیت کے نظام کی وجہ سے بیرون ملک میں برطانیہ کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔

شہزادہ ولیم رائل ائیر فورس میں ریسکیو پائلٹ کی حیثیت سے ذمہ داری ادا کرتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ حالیہ برسوں میں انھوں نے سرکاری فرائض بھی سنبھال لیے ہیں۔

اس کے علاوہ وہ بیرون ملک تقریبات میں ملکہ برطانیہ کی نمائندگی کے فرائض بھی نبھاتے ہیں۔

برطانوی تاریخ میں اگرچہ شہزادی ڈیانا کو عوام میں سب سے مقبول شہزادی قرار دیا جاتا ہے لیکن ان کے بیٹے کو تاریخ کا ایک ایسا شہزادہ قرار دیا گیا ہے جو برطانوی عوام کا ہر دلعزیز شہزادہ ہے۔

XS
SM
MD
LG