رسائی کے لنکس

ہالووین پر چھ ارب ڈالر سے زیادہ اخراجات کی توقع


ہالووین پر چھ ارب ڈالر سے زیادہ اخراجات کی توقع
ہالووین پر چھ ارب ڈالر سے زیادہ اخراجات کی توقع

مارکیٹ کے حالیہ جائزوں سے معلوم ہے کہ اس سال ہالووین پر امریکی چھ ارب ڈالر سے زیادہ رقم خرچ کریں گے۔ یہ اخراجات، میٹھی گولیوں، ٹافیوں، کاسٹیوم اور ہالووین کی مناسبت سے اپنے گھروں کو سجانے پر صرف کی جائے گی۔جائزوں سے یہ بھی پتا چلا کہ ہالووین کی آمد سے کئی دن پہلے سے لوگ اپنے پالتو جانوروں، بالخصوص کتوں کے لیےخصوصی کاسٹیومز کی خریداری کررہے ہیں۔

نیشنل ریٹیل فیڈریشن (این آرایف) کے حالیہ سروے کے مطابق سب سے زیادہ رقم بچوں، بڑوں اور پالتو جانوروں کے کاسٹیوم پر خرچ کی جارہی ہے۔

این آرایف کے سربراہ میٹ شے نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ جائزے سے ظاہر ہوا ہے کہ اس سال ہالووین پر لوگ زیادہ جوش و خروش کا مظاہرہ کررہے ہیں ، اور غالباً اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ یہ سوچ رہے ہیں کہ معاشی بحران کے بادل چھٹ رہے ہیں اور اچھے دن اب زیادہ دور نہیں ہیں۔

جائزے کے مطابق اس بار ہالووین پر ہر پانچ میں سے دو امریکی کاسٹیوم پہنیں گے۔ یہ تعداد پچھلے سال کے مقابلے میں ایک تہائی زیادہ ہے۔ اعدادو شمار کے مطابق اس سال ایک کروڑ 15 لاکھ امریکی اپنے پالتو جانوروں کو خصوصی کاسٹیوم پہنائیں گے۔

رپورٹ کے مطابق اس سال ہالووین پر اٹھنے والے اخراجات کو اگرتمام امریکیوں پر تقسیم کردیا جائے تو ہر امریکی کے حصے میں 66 ڈالر سے زیادہ آتے ہیں۔ جن میں سے تقریباً ساڑھے 37 ڈالر کاسٹیوم پر، 20 سے زیادہ ڈالر میٹھی گولیوں اور ٹافیوں اور ساڑھے 18 ڈالر گھر کی سجاوٹ پر صرف ہوں گے۔

سروے میں بتایا گیا ہے کہ ہالووین کے لیے پیٹھے کدو کی خریداری پچھلے سال کی نسبت 25 فی صد زیادہ ہے۔ پیٹھے کو خاص انداز میں کاٹ کر ہالووین کی رات، اس میں موم بتیاں روشن کی جاتی ہیں۔

سوا نو ہزار سے زیادہ لوگوں سے کیے جانے والے سروے کے اعدادوشمار سے یہ ظاہر ہوا ہے کہ اس سال ہالووین پر اخراجات پچھلے سال کی نسبت 17.7 فی صد زیادہ ہوں گے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ہالووین کے موقع پر اضافی اخراجات سے امریکی تاجروں کو اپنی مشکلات پر قابوپانے میں مدد ملے گی۔

XS
SM
MD
LG