رسائی کے لنکس

شدید سردی کے باعث پانچ شامی پناہ گزین ہلاک


حزب اختلاف کے اتحاد کے عبوری رہنما احمد توما نے بین الاقوامی برداری سے اپیل کی کہ وہ شام کے پناہ گزینوں اور اندرون ملک نقل مکانی پر مجبور ہونے والے افراد کی مدد کرے۔

شام میں خانہ جنگی کے باعث پڑوسی ممالک میں نقل مکانی کرنے والوں اور اندرون ملک بے گھر افراد کو شدید سردی کی لہر میں مشکلات کا سامنا ہے۔

مغربی ذرائع ابلاغ کے مطابق برفانی طوفان کے باعث بدھ کو لبنان میں تین جب کہ شام کے شہر حلب میں دو شامی شہری ہلاک ہو گئے۔

لبنان اور اردن میں لاکھوں شامی پناہ گزین خود کو اس سرد موسم میں گرم رکھنے کی کوشش میں مصروف ہیں۔

لبنان کی مشرقی وادی بیکا میں جو برف سے ڈھکی ہوئی ہے، وہاں موجود شامی باشندے اپنے گھروں کی چھتوں سے برف ہٹاتے اور خود کو گرم رکھنے کے لیے آگ کے ارد گرد بیٹھے نظر آ رہے ہیں۔

مغرب کے حمایت یافتہ شام کی حزب اختلاف کے اتحاد کے عبوری رہنما احمد توما نے بین الاقوامی برداری سے اپیل کی کہ وہ شام کے پناہ گزینوں اور اندرون ملک نقل مکانی پر مجبور ہونے والے افراد کی مدد کرے۔

خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹیڈ پریس‘ نے مسٹر احمد توما کے حوالے سے کہا کہ درجہ حرارت میں کمی اور پناہ گزینوں کے کیمپوں میں ٹینٹوں کی کمی کے باعث صورت حال انتہائی کشیدہ ہے۔

بدھ کو اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین ’یو این ایچ سی آر‘ کی اپیل کے جواب کینیڈا نے کہا کہ وہ شام کے 10 ہزار پناہ گزینوں کو آئندہ تین سال کے دوران آباد کرے گا۔

’یواین ایچ سی آر‘ نے ایک لاکھ شامی پناہ گزینوں کی دنیا بھر میں آؓباد کاری کی اپیل کی تھی۔

XS
SM
MD
LG