رسائی کے لنکس

برطانیہ: حسیب حمید انگلینڈ انڈر 19 کرکٹ ٹیم کےکپتان مقرر


لنکا شائر کے اسٹار بلے باز حسیب حمید چار اگست سے آسٹریلیا کے خلاف ڈرھم میں شروع ہونے والے ایک چار روزہ بین الاقوامی ٹیسٹ میچ کے لیے انگلینڈ کی انڈر 19 ٹیم کی کپتانی کے فرائض انجام دیں گے۔

لنکا شائر کی طرف سے کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے والے کرکٹر حسیب حمید کو انگلینڈ کی انڈر 19 ٹیم کا کپتان نامزد کیا گیا ہے۔

لنکا شائر کے اسٹار بلے باز حسیب حمید چار اگست سے آسٹریلیا کے خلاف ڈرھم میں شروع ہونے والے ایک چار روزہ بین الاقوامی ٹیسٹ میچ کے لیے انگلینڈ کی انڈر 19 ٹیم کی کپتانی کے فرائض انجام دیں گے۔

18 سالہ بلے باز حسیب حمید نے گزشتہ برس لنکا شائر کاؤنٹی کلب کے ساتھ پیشہ وارانہ معاہدے پر دستخط کیے ہیں ،جس کے بعد وہ کاونٹی کرکٹ میں مستقل مزاجی سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

لنکا شائر کے ایک اور باصلاحیت کھلاڑی ثاقب محمود کو فاسٹ باؤلر کی حیثیت سے انگلینڈ کی 16 رکنی انڈر 19 ٹیم کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

نوجوان کرکٹر حسیب حمید انگلینڈ کی انڈر 17 اور انڈر 19 ٹیموں میں کھیل چکے ہیں، انھوں نے ٹیم میں اپنی پہچان ایک ٹاپ آرڈر بلے باز کی حیثیت سے بنائی ہے۔

انڈر19 کی قومی ٹیم کا انتخاب 'انگلینڈ ڈیولپمنٹ پروگرام ' اور 'ویلز کرکٹ بورڈ ' کی طرف سے کیا گیا ہے۔

حسیب حمید پہلی بار قومی ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں، جبکہ نوجوان کرکٹر کو کاؤنٹی کی طرف سے کئی مواقع پر انڈر 14 ٹیم کی کپتانی کا تجربہ حاصل ہوا ہے۔

گزشتہ برس انھوں نےجنوبی افریقہ کی انڈر 19 ٹیم کے خلاف انگلینڈ کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

دو الگ الگ سولہ رکنی ٹیم اسکواڈ میں بلے باز حسیب حمید اور ثاقب محمود کو پانچ میچوں کی ایک ون ڈے سیریز کا بھی حصہ بنایا گیا ہے۔

کرکٹر حمید بولٹن میں پیدا ہوئے ہیں، انھوں نے بولٹن اسکول سے اے لیول کا امتحان دیا ہے۔ انھوں نے اپنی کرکٹ کا آغاز بولٹن لیگ کی طرف سے ' ایکس فارن ورتھ سوشل سرکل کلب' میں 14سال کی عمر سے کیا تھا۔

حسیب حمید نے مانچسٹر ایوننگ نیوز کو بتایا کہ ملک کی قیادت کرنا میرے لیے ایک بڑا اعزاز ہے میں بڑی بے چینی سے کپتانی کے تجربے کا انتطار کر رہا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ اب تک ضلعی سطح پر میں نے بہت اچھا پرفارم کیا ہے اور انگلینڈ کی انڈر 17 کی ٹیم کی کچھ سال قیادت کی ہے، لیکن ڈرھم میں انھیں ایک اچھا تجربہ حاصل ہو گا۔

فاسٹ باؤلر ثاقب محمود لنکا شائر کاؤنٹی کی 'فرسٹ ٹیم' کا حصہ رہے ہیں، جبکہ دونوں کھلاڑی انڈر 19 کی ٹیم کے ساتھ اپریل میں آسٹریلیا کا دورہ کر چکے ہیں۔

نوجوان باؤلر ثاقب محمود نے سترہ سال کی عمر میں لنکا شائر کاؤنٹی کے ساتھ پیشہ وارانہ معاہدہ کیا تھا، وہ برمنگھم میں پیدا ہوئے لیکن مانچسٹر میں پلے بڑھے ہیں، جہاں انھوں نے لنکا شائر میں اپنی جگہ بنائی اور انگلینڈ کی یوتھ ٹیم کی طرف سے کرکٹ کھیلی۔

ثاقب 2014ء میں انگلینڈ کی انڈر19 ٹیم کی طرف سے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کھیل چکے ہیں، جس میں انھوں نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا تھا۔

ثاقب محمود کو انگلینڈ ڈیولپمنٹ پروگرام کی طرف سے 'کرکٹر آف دی ائیر 2014-ٴ15 ' نامزد کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا اور انگلینڈ کی انڈر 19 ٹیم ایک دوسرے سے اچھی طرح سے واقف ہے دونوں ٹیمیں چار ماہ پہلے آسٹریلیا میں ایک مشکل سیریز کھیل چکی ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ آئندہ سال بنگلہ دیش میں ہونے والے آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کی تیاری کے حوالے سے یہ میچز ٹیم کے لیے بہت اہم ہیں۔

اپریل میں آسٹریلیا میں منعقدہ ون ڈے سیریز کا نتیجہ انگلینڈ کے حق میں ثابت نہیں ہوا تھا لیکن چار روزہ ٹیسٹ میچ کا نتیجہ برابر رہا تھا۔

انڈر 19 ٹیسٹ میچ 4 اگست سے 7 اگست تک، جبکہ ون ڈے سیریز آئندہ ہفتے 11 سے 22 اگست تک جاری رہے گی۔

XS
SM
MD
LG