رسائی کے لنکس

سابق ریپبلکن اسپیکر کا اقرار جرم


شکاگو میں استغاثہ سے کئے گئے ایک معاہدے کے تحت، امریکی ایوان نمائندگان کے سابق اسپیکر نے تسلیم کیا کہ انھوں نے وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی کے سامنے بینک اکاونٹ سے 17 لاکھ ڈالر نکلوانے کی وجہ بتاتے ہوئے غلط بیانی سے کام لیا تھا

اپنے دور کی طاقتور امریکی سیاسی شخصیات میں سے ایک، ڈینس ہسٹرٹ نے بدھ کو شکاگو میں جنسی زیادتی کو چھپانے کے عوض 35 لاکھ ڈالر رشوت دینے کے لئے اکاونٹ سے رقم نکلوانے کے مسئلے پر تحقیقاتی اداروں سے غلط بیانی کے مقدمے میں اقرار جرم کرلیا ہے۔

شکاگو میں استغاثہ سے کئے گئے ایک معاہدے کے تحت، امریکی ایوان نمائندگان کے سابق اسپیکر نے تسلیم کیا کہ انھوں نے وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی کے سامنے بنک اکاونٹ سے 17 لاکھ ڈالر نکلوانے کی وجہ بتاتے ہوئے غلط بیانی کی تھی۔

ریپبلیکن پارٹی کی اکثریتی کانگریس کی 8 برس تک قیادت کرنے والے 73 سالہ ڈینس ہسٹرٹ 2007ء تک امریکی صدارتی امیدواروں میں دوسرے نمبر پر رہ چکے ہیں۔

ایک مختصر بیان میں، انھوں نے اقرار جرم کرتے ہوئے کہا کہ وہ نہیں چاہتے تھے کہ ایف بی آئی کو معلوم ہو کہ وہ رقم کہاں خرچ کر رہے ہیں۔ لیکن، الزام کی نئی تفیصلات عدالت میں پیش نہیں کی گئیں۔

وفاقی استغاثہ نے الزام عائد کیا ہے کہ ہسٹرٹ نے ماضی کی بدچلنی کو چھپانے کے لئے ایک نامعلوم شخص کو 35 لاکھ ڈالر ادا کرنے کا اعتراف کرلیا ہے۔

رقم وصول کرنے والے شخص کی نشاندہی نہیں ہوئی۔ لیکن، قانون نافذ کرنے والے ذرائع نے امریکی میڈیا کو بتایا کہ ہسٹرٹ 60 کی دہائی میں جب شکاگو کے قریب ایک ہائی اسکول میں نوجوان استاد اور ریسلنگ کوچ تھے، تو جنسی زیادتی میں ملوث ہوگئے تھے، جسے چھپانے کے لئے انھیں بھاری رقم ادا کرنا پڑ رہی تھی۔

استغاثہ نے ملزم کے لئے چھ ماہ جیل کی سفارش کی ہے۔ لیکن، جج تھامس ڈورکن نے ہسٹرٹ کو بتایا کہ انھیں آئندہ برس فروری میں جب سزا ہوگی تو یہ سزا 5 سال قید اور ڈھائی لاکھ ڈالر جرمانہ کی ہوسکتی ہے۔

کانگریس سے رخصت ہونے کے بعد ہسٹرٹ بہت زیادہ معاوضہ لینے والے لابیسٹ بن گئے تھے۔ اس سال جون میں شکاگو میں ان پر الزام عائد کیا گیا کہ انھوں نے اپنے اکاونٹ سے 2010 سے 2014 کے دوران 17 لاکھ ڈالر نکلوائے، ان میں سے اکثر میں نکلوائی گئی رقم ایک بار میں 10 ہزار سے کم ہوتی تھی، کیونکہ اس سے زائد رقم نکلوانے پر حکومت سوال کرسکتی ہے۔

اقرار جرم کے عوض توقع ہے کہ استغاثہ ان پر بینکنگ قوانین کی خلاف ورزی کا اضافی الزام عائد نہیں کرے گا۔

XS
SM
MD
LG