رسائی کے لنکس

جِلد اور پھیپھڑوں کے مہلک سرطان کے علاج میں نمایا ں پیش رفت


جِلد اور پھیپھڑوں کے مہلک سرطان کے علاج میں نمایا ں پیش رفت
جِلد اور پھیپھڑوں کے مہلک سرطان کے علاج میں نمایا ں پیش رفت

امریکی ماہرین کا کہنا ہے کہ ایک نئی دوا کے آزمائشی استعمال سے جِلد کے مہلک سرطان مِلانوما (melanoma ) میں متبلا مریضوں کے بچ جانے کے امکانات میں نمایا ں اضافہ ہوا ہے۔

شکاگومیں اِس ہفتے ہونے والی ایک کانفرنس میں سائنسدانوں نے شرکاء کو تجرباتی طور پر استعمال کی گئی اِپلیموماب (iplimumab ) نامی اِس دواکے نتائج سے آگاہ کیا جسے برِسٹل مائرز سکوِب (Bristol-Myers Squibb ) نے تیا ر کیا ہے۔

امریکی محققین نے بتایا کہ دنیا بھر سے مِلانوما سرطان کا شکار 676 ایسے مریضوں پر اِس دوا کا تجربہ کیاگیا ہے جن کی بیماری خطرناک مرحلے میں داخل ہو چکی تھی۔ انھوں نے کہا کہ دوا استعمال کرنے والے تقریباََ 25 فیصد مریض دو سال بعد بھی زندہ ہیں۔

مزید برآں ماہرین نے بتایا کہ اپلیموماب دوا استعمال کرنے والے مریضوں کے زندہ رہنے کی اوسط مدت دس ماہ ہے جبکہ اس کے مقابلے میں دوسرے مریضوں کی اوسط مدت چھ ماہ ہے۔

شکاگو میں ہونے والے اجلاس کو ایک دوسری آزمائشی دوا crizotinibکے نتائج سے بھی آگاہ کیا گیا جسے پھیپھڑوں کے ایک مہلک سرطان میں مبتلا مریضوں پر آزمانے سے اُن کی گلٹی یا tumour کی جسامت کم ہو جاتی ہے۔

سائنسدانوں نے بتایا کہ اِس دوا کو استعمال کرنے والے 82 میں سے نصف سے زیادہ مریضوں کے ٹیومرکی جسامت میں دو ماہ بعد کمی دیکھنے میں آئی جبکہ 90 فیصد مریضوں کی بیماری میں اضافہ نہیں ہوا۔ اِن میں سے اکثر مریضوں نے کبھی بھی سگریٹ نوشی نہیں کی یا پھر وہ اِس عادت کو ترک کرچکے تھے اور اپنی بیماری کے علاج کے لیے اوسطاََ تین دوسری ادویات کا استعمال کرتے آئے تھے۔

محققین کا کہنا تھا کہ وہ صرف دس فیصدمثبت نتائج کی توقع کرر ہے تھے۔انھوں نے بتایا کہ آزمائشی دوا استعمال کرنے والے کئی مریضوں میں سانس لینے میں دِقت اور کھانسی کی شکایات میں کمی دیکھنے میں آئی اور کم از کم ایک مریض کی گِلٹی (tumour ) مکمل طور پر غائب ہو گئی۔

پھیپھڑوں کے سرطان کے علاج کے لیے یہ آزمائشی دوا Pfizer Inc. نے تیار کی ہے اور سائنسدانوں کے مطابق اِس علاج کے مثبت اثرات چھ ماہ تک برقرار رہے۔

XS
SM
MD
LG