رسائی کے لنکس

خواتین میں دل کی بیماریاں اور تمباکو نوشی


خواتین میں دل کی بیماریاں اور تمباکو نوشی
خواتین میں دل کی بیماریاں اور تمباکو نوشی

ایک نئی طبی تحقیق کے مطابق تمباکو نوشی سے پرہیز اور باقاعدگی سے ورزش کرنے والی خواتین میں اچانک حرکت ِ قلب بند ہونے سے موت کا خطرہ 90% تک کم ہوتا ہے ۔

عمر چاہے کوئی بھی ہو ، انسان کے دل کی حرکت کسی بھی وقت بند ہو سکتی ہے ، لیکن حرکتِ قلب کا اچانک بند ہونا دل کے دورے سے مختلف ہے۔ یہ دل کو لاحق ایک تکنیکی مسئلہ ہوتا ہے جس میں دھڑکن اچانک بند ہو جاتی ہے۔ اور جن لوگوں کو ایسی حالت میں فوری طبی امداد میسر نہ آئے، چند منٹوں میں موت کے منہ میں جا سکتے ہیں۔ لوگوں میں دل کے اچانک بند ہوجانے کی وجہ دل کی بیماریاں ہیں۔ جس میں دل کا غیرمعمولی تیز رفتار سے دھڑکنا، بڑھتی عمر ، موٹاپا اور ورزش نہ کرنا بھی شامل ہے۔
گوکہ مردوں اور خواتین میں دل کی بیماریوں کے خدشات ایک جتنے ہی ہیں ، لیکن خواتین عموما ڈاکٹر کے پاس جانے میں لاپرواہی برتتی ہیں۔

سٹفنی کیووی امریکی ریاست بوسٹن کے بریگھم اینڈ وومنز ہاسپیٹل سے وابستہ ہیں۔ وہ اس تحقیق میں شامل تھیں جس میں گزشتہ26 برسوںمیںٕ 80 ہزار سے زیادہ خواتین پردل کی بیماریوں کے حوالے سے تحقیق کی گئی۔

اس تحقیق میں حصہ لینے والی خواتین کی سگریٹ نوشی، ورزش اور کھانے پینے کی عادات کا جائزہ لیا گیا ۔ کیووی کا کہنا ہے کہ اس بات سے قطع ِ نظر کہ اس تحقیق کا حصہ بننے والی خواتین میں سے چند دل کی بیماریوں میں مبتلا تھیں اور چند کو یہ عارضہ لاحق نہیں تھا ، دونوں گروپس پر کی گئی تحقیق کے نتائج ایک ہی بات ثابت کرتے تھے کہ ان تمام خواتین میں حرکت قلب بند ہونے سے ہونے والی اکاسی فیصد اموات کو روکا جا سکتا تھا اگر انہوں نے صحتمندانہ طرز ِ زندگی اختیار کیا ہوتا ۔

تحقیق سے معلوم ہوا کہ جن خواتین نے کھانے پینے کی عادات اور ورزش کے ذریعے صحتمندانہ طرز ِ زندگی اپنایااور سگریٹ نوشی سے گریز کیا ۔۔۔ ان میں اچانک حرکت ِ قلب بند ہوجانے کے امکانات میں92% تک کمی نوٹ کی گئی۔

امریکہ میں ہر سال اچانک حرکت ِ قلب بند ہو جانے سے تقریبا تین لاکھ اموات واقع ہوتی ہیں۔ عالمی ادارہ ِ صحت کی رپورٹ کے مطابقدنیا بھر میں ہر سال دل کی بیماریوں کے باعث ایک کروڑ پچاس لاکھ افراد موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں یا دوسرے الفاظ میں دنیا میں ہونے والی30% اموات کی وجہ دل کے امراض ہیں ۔ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ اگر صحت ِ عامہ کے منصوبوں میں دل کی بیماریوں کے خطرات کم کرنے پر توجہ دی جائے ، تو اچانک حرکت ِ قلب بند ہوجانے سے واقع ہونے والی اموات اور دل کی دیگر بیماریوں میں کمی لائی جا سکتی ہے۔ یہ تحقیق جنرل آف دی امریکن میڈیکل ایسوسی ایشن میں شائع کی گئی ۔

XS
SM
MD
LG