رسائی کے لنکس

کراچی: جگہ جگہ کچرے کے انبار، شہریوں کا جینا دوبھر


کراچی کی شاہراہ پر لگے کچرے کے ڈھیر سے شہریوں کو گزرنا مشکل ہوگیا ہے۔
کراچی کی شاہراہ پر لگے کچرے کے ڈھیر سے شہریوں کو گزرنا مشکل ہوگیا ہے۔

آجکل اگر کراچی میں کچرے کے انبار پر نظر دوڑائی جائے تو لگتا ہے 50 فیصد بھی کچرہ ٹھکانے نہیں لگایا جارہا ہے ۔

صوبہ سندھ کے مرکز اور منی پاکستان کہلانے والے شہر کراچی کی سڑکوں پر کچرے اور گندگی کے ڈھیر سندھ حکومت کی 5سالہ کارکردگی کی کہانی سنارہے ہیں ۔کراچی میں ان دنوں شپری انتظامیہ کی جانب سے کوڑا کرکٹ کو ٹھکانے نہ لگانے کے باعث شہر میں جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر نے شہریوں کا جینا دوبھر کردیا ہے۔

ان دنوں شہر کی گلیوں سمیت بڑی شاہراہوں پر بھی کچرہ ہی کچرہ دکھائی دے رہا ہے جس سے پیدل چلنےوالے افراد سمیت گاڑیوں اور موٹرسائیکل سواروں کو بھی سخت مسائل کا سامنا کرنا پڑرہاہے، بعض مقامات پر کچرے کے لگے ڈھیر سے سڑکیں تک بند ہوگئیں ہیں۔
کراچی میں،ایم اے جناح روڈ ،صدر ،گلشن اقبال ٹاؤن،ناظم آباد،لیاقت آباد، کلفٹن، شاہ فیصل کالونی اور دیگر علاقے شدید متاثر ہیں جہاں کچرہ بڑھتے بڑھتے سڑکوں پر پھیلا دکھائی دے رہاہے۔

صحت اور ماحول کی بہتری کے لیے کام کرنےوالے ادارے نیشنل فورم آف انوائرمنٹ اینڈ ہیلتھ کے صدر نعیم قریشی وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ’’روزانہ کراچی میں 10 ہزار ٹن سے زیادہ کچرا جمع ہوجاتا ہے جسے ٹھکانے لگانا شہری انتظامیہ کی ذمہ داری ہے ، مگر آجکل اگر کراچی میں لگے کچرے کے انبار پر نظر دوڑائی جائے تو لگتا ہے 50 فیصد بھی کچرہ ٹھکانے نہیں لگایا جارہا ہے ۔‘‘

ان کا کہنا تھا کہ ’’سندھ حکومت نے اپنے 5 سالوں میں شہری حکومت پر جو تجربات کئے ہیں اس سے شہر میں کسی بھی قسم کا ایک مربوط سسٹم نہیں بن سکا بلدیاتی نظام اور کمشنری نظام کی ردوبدل نے کراچی کے نظام کا ڈھانچہ ہی بگاڑ کررکھ دیاہے۔ شہری انتظامیہ کسی بھی ڈسٹرکٹ میں کام کرتی دکھائی نہیں دے رہی جس میں صفائی ستھرائی سمیت دیگر مسائل حل طلب ہیں۔‘‘


نعیم قریشی مزید کہتے ہیں کہ رہائشی علاقوں میں کچرہ جمع ہونے سے بیماریوں میں مزید اضافہ ہورہاہے۔ فلیٹوں اور دکانوں کے قریب بکھرے کچرے کے ڈھیرکے باعث قریبی شہر کے باسیوں کا نظام زندگی بھی سخت متاثر ہورہا ہے۔’’ اگر گاربیج جمپنگ سسٹم مکمل طور سے کام کرے تو یہ مسئلہ جلد حل ہوسکتا ہے شہری مسائل کے حل کیلئے سسٹم کو ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے۔‘‘

کراچی شہر کی سڑکوں پر دن بدن بڑھتے کوڑا کرکٹ اور کچرے کا ڈھیر اور ا س سے اٹھتی بدبو اور تعفن شہری انتظامیہ کی کارکردگی پر ایک سوالیہ نشان بنی ہوئی ہے۔
XS
SM
MD
LG