رسائی کے لنکس

کراچی میں شدید گرمی، متعدد افراد کو ہیٹ اسٹروک


پچھلے تین دنوں سے یہ صورتحال ہے کہ سورج چڑھتے ہی درجہٴحرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ ہوجاتا ہے اور جیسے جیسے دوپہر ہوتی ہے گرمی کی شدت میں اضافہ ہوتا جاتا ہے

کراچی: پاکستان کا سب سے بڑا شہر کراچی اکتوبر کے مہینے میں جون جیسی گرمی سے جھلس رہا ہے۔

پچھلے تین دنوں سے یہ صورتحال ہے کہ سورج چڑھتے ہی درجہٴحرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ ہوجاتا ہے اور جیسے جیسے دوپہر ہوتی جاتی ہے گرمی کی شدت میں اضافہ ہوتا جاتا ہے۔

جمعہ کو بھی سورج ’سوا نیزے‘ پر محسوس ہوا جس سے مختلف علاقوں سے کئی درجن افراد کے ہیٹ اسٹروک میں مبتلا ہونے کی شکایات ملیں۔خاص کر بڑی عمر کے افراد ہیٹ اسٹروک میں مبتلا ہو کر اسپتالوں میں داخل ہیں۔

عوام کو محکمہٴصحت سندھ کی جانب سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا کہا گیا ہے، جبکہ دوپہر کے وقت بلاضرورت گھر سے باہر نکلنے کو منع کیا گیا ہے۔ معمولی سے زیادہ پانی اور دیگر مشروبات استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

جمعہ کو شہر میں جگہ جگہ گنے کے جوس کی دکانوں پر غیر معمولی رش رہا جبکہ تازہ پھلوں کے جوس اور دیگر ٹھنڈے مشروبات کی بھی ڈیمانڈ میں اضافہ دیکھا گیا۔

محکمہٴموسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں ہواوٴں کی سمت تبدیل ہورہی ہے جس کے سبب گرمی میں اضافہ ہوگیا ہے۔

محکمے نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ کئی روز تک یہی صورتحال برقرار رہے گی۔ محکمہ موسمیات کا یہ بھی کہنا ہے کہ شہر کے مضافات میں ہوائیں رکی ہوئی ہیں جس سے ہوا میں نمی کا تناسب صرف چند فیصد رہ گیا ہے۔

محکمے کی جانب سے وی او اے کو جاری کی گئی معلومات کے مطابق، چونکہ شام کے اوقات میں ہوائیں جنوب مغرب سے چلنے لگتی ہیں اس لئے یہاں کی شامیں دن کے مقابلے میں بہتر ہو جاتی ہیں۔

XS
SM
MD
LG