رسائی کے لنکس

'وزنی ترین' خاتون علاج کے لیے مصر سے بھارت منتقل


فائل فوٹو
فائل فوٹو

خاتون کو اسکندریہ کے ہوائی اڈے پر ان کی گاڑی سے ایک کرین کے ذریعے طیارے میں منتقل کیا گیا۔

دنیا کی ایک وزنی ترین تصور کی جانے والی خاتون کو علاج کے لیے مصر سے بھارت منتقل کیا گیا ہے۔

مصر کی قومی فضائی کمپنی "ایجپٹ ایئر" کے مطابق تقریباً 500 کلوگرام وزنی خاتون ایمان احمد عبدالعاطی کو ایک خصوصی مال بردار طیارے کے ذریعے جمعہ کو دیر گئے بھارت کے لیے روانہ کیا گیا۔

کمپنی کے سربراہ صفوت ماسلام نے صحافیوں کو بتایا کہ 36 سالہ ایمان گزشتہ 25 سالوں سے اپنے گھر سے نہیں نکلی تھیں۔ ان کے بقول خاتون کو اسکندریہ کے ہوائی اڈے پر ان کی گاڑی سے ایک کرین کے ذریعے طیارے میں منتقل کیا گیا۔

بھارت میں اس خاتون کے علاج کا بیڑا ڈاکٹر مفضل لکڑوالا نے اٹھایا جنہوں نے بلامعاوضہ یہ کام سرانجام دینے کی پیشکش کی تھی۔

گزشتہ اکتوبر میں ایمان کو بھارت کا ویزہ جاری نہیں کیا گیا تھا اور نہ ہی کوئی فضائی کمپنی اس خاتون کو لاحق طبی پیچیدگیوں کے باعث انھیں بھارت لے جانے پر راضی تھی۔

ایمان کی بہن نے ڈاکٹر لکڑوالا سے رابطہ کیا جنہوں نے ٹوئٹر پر اس بارے میں اپنے ایک پیغام میں بھارت کی وزیر خارجہ سشما سوراج سے مدد کی درخواست کی تھی۔

ڈاکٹر لکڑوالا نے ایک بیان میں بتایا کہ ایمان کو طبی بنیادوں پر بھارت کا ویزہ جاری کیا گیا ہے۔ ان کے بقول ایمان کو بھارت لانے کے لیے ڈاکٹروں کی ایک ٹیم گزشتہ دس روز سے مصر میں تھی اور ان کے سفر کے لیے خصوصی طور پر انتظامات کیے گئے تھے۔

شائع شدہ اطلاعات کے مطابق ایمان کو بچپن میں ایک بیماری لاحق ہوئی تھی جس میں انسانی اعضا اس حد تک سوجن کا شکار ہو جاتے ہیں کہ وہ نقل و حرکت کے قابل نہیں رہتا۔

بعد ازاں ایمان کو ذیابیطس، ہائی بلڈ پریشر سمیت متعدد طبی مسائل کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

بھارت میں اس مصری خاتون کے معدے کی سرجری کی جائے اور یہ طریقہ علاج فربہی کی طرف مائل لوگوں میں خاصا مقبول ہو رہا ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ ایمان عبدالعاطی کا وزن اگر طبی طور پر 500 کلوگرام ثابت ہو جاتا ہے تو وہ اس وقت دنیا کی وزنی ترین بقید حیات خاتون پاولین پوٹر کا ریکارڈ توڑ دیں گی۔ پاولین کا وزن اس وقت 322 کلوگرام کے لگ بھگ ہے۔

XS
SM
MD
LG