رسائی کے لنکس

کراچی: پی آئی اے کے طیارے سے 27 کلوگرام ہیروئن برآمد


پی آئی اے
پی آئی اے

چیف کلکٹر کسٹمز زاہد کھوکھر نے کہا کہ پکڑی گئی ہیروئین کی مالیت کئی کروڑ پاکستانی روپے کے برابر ہے۔

پاکستانی حکام نے بدھ کو ملک کے جنوبی ساحلی شہر کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک جہاز سے بھاری مقدار میں ہیروئین برآمد کی ہے۔

خبر رساں ادارے ’رائیٹرز‘ کے مطابق چیف کلکٹر کسٹمز زاہد کھوکھر نے کراچی میں ایک نیوز کانفرنس کو بتایا کہ ہیروئین کو پاکستان کی قومی فضائی کمپنی ’پی آئی اے‘ کے ایک طیارے کے کچن کے بائیں جانب موجود خالی جگہوں پر چھپایا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ درست اطلاع کی وجہ سے ہیروئین کو برآمد نہیں کیا جا سکا ہے۔

کسٹمز ٹیم نے طیارے کے انجنئیرنگ اور سکیورٹی عملے کی موجودگی میں جہاز کی تلاشی لی جس کے نتیجے میں نو سوتی تھیلوں میں 27 کلوگرام ہیروئین برآمد کی گئی۔

زاہد کھوکھر نے بتایا کہ ’’جب کسٹمز ٹیم کو معلومات ملیں تو وہ طیارے میں داخل ہو گئی۔ انہیں معلوم تھا کہ ہیروئین کو کہاں چھپایا گیا تھا۔ انہوں نے طیارے کے چوتھے دروازے کے قریب موجود خلا کو کھولا اور اس میں ہیروئین کے نو تھیلے برآمد کر لیے۔ ہر تھیلے کا وزن تین کلوگرام سے زائد تھا۔ (تھیلوں میں ملنے والے) پاؤڈر کا رنگ سفیدی مائل تھا اور یہ بہت عمدہ کوالٹی کی ہیروئین تھی۔‘‘

طیارے سے برآمد ہونے والے پاؤڈر کا فوراً لیبارٹری میں تجزیہ کیا گیا جس میں اس کے ہیروئین ہونے کی تصدیق ہو گئی۔

زاہد کھوکھر نے کہا کہ پکڑی گئی ہیروئین کی مالیت کئی کروڑ پاکستانی روپے کے برابر ہے۔

انہوں نے کہا کہ سپیشل جج کی عدالت میں ایک کیس درج کرا دیا گیا ہے اور اس پر مزید تحقیقات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کے مجروموں اور ان کے سہولت کاروں کو پکڑنے کے لیے کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔

پی آئی اے کے ترجمان نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اتنظامیہ کیس کی تحقیقات میں قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مکمل تعاون کر رہی ہے اور اس نے اپنی انکوائری بھی شروع کی ہے۔

XS
SM
MD
LG