رسائی کے لنکس

امریکی ہائیکروں کی ممکنہ رہائی ’ حوصلہ افزا ‘پیش رفت ہے: ہیلری کلنٹن


امریکی ہائیکروں کی ممکنہ رہائی ’ حوصلہ افزا ‘پیش رفت ہے: ہیلری کلنٹن
امریکی ہائیکروں کی ممکنہ رہائی ’ حوصلہ افزا ‘پیش رفت ہے: ہیلری کلنٹن

امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ اُن کو ابھی تک اِس بات کی کوئی تصدیق نہیں کہ ہائیکروں کی رہائی قریب ہے

امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن نے کہا ہے کہ ایران کےصدر کے بیان سےاُنھیں حوصلہ ملا ہے، جس میں اعلان کیا گیا تھا کہ جاسوسی کے الزام میں سزا دیے جانے والے دو امریکی ہائیکروں کوایران جلد رہا کرے گا۔

منگل کو نشر ہونے والے ایک انٹرویو میں ایرانی صدر محمود احمدی نژاد نے امریکی ٹیلی ویژن نیٹ ورک ’این بی سی‘ کے نامہ نگار کو بتایا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ شان بائر اور جوش فتل کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر چند ہی روز کے اندر رہا کر دیا جائے گا۔

امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ اُن کو ابھی تک اِس بات کی کوئی تصدیق نہیں کہ ہائیکروں کی رہائی قریب ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ اِس معاملے میں سوٹزرلینڈ سے رابطہ ہے، جو ایران میں امریکی مفادات کی نمائندگی کرتا ہے۔ ہیلری کلنٹن نے کہا کہ اوباما انتظامیہ کو ایک ’مثبت پیش رفت‘ کی امید ہے۔

دونوں ہائیکروں کے خاندانوں کا کہنا ہے کہ اُنھیں بہت خوشی ہے کہ دونوں جلد رہا ہوں گے۔ اُنھوں نے اِس خبر کو پریشانی میں کمی کا باعث قرار دیا۔ خاندانوں کا کہنا ہے کہ اُن کے پاس اِس حوالے سےکوئی تفاصیل نہیں، تاہم وہ ملاقات کےمنتظر ہیں۔

بائراور فتل کو جاسوسی کے الزام میں گذشتہ ماہ آٹھ سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔


سارا شراڈ وہ تیسری ہائیکر تھیں جنھیں ایران نےایک سال قبل پانچ لاکھ ڈالر کے بانڈ کےعوض رہا کیا تھا۔ وہ امریکہ واپس آچکی ہیں۔ بائراور فتل کے وکیل نے منگل کو بتایا کہ دونوں کی ضمانت پانچ لاکھ فی فرد پر طے ہوئی ہے۔

ایرانی اہل کاروں نے تینوں امریکی ہائیکروں کو 2009ء کے وسط میں ایران عراق سرحدی علاقے سے گرفتار کیا تھا۔ تینوں اِس بات کی وضاحت کرتے رہے ہیں کہ اگر وہ بھولےسےایران کی سرحد کے اندر داخل ہو گئےتھے تو یہ غیر دانستہ طور پر ہوا ہے۔

XS
SM
MD
LG