رسائی کے لنکس

لندن میں ہلری کلنٹن کی گاڑی کو ’پارکنگ‘ جرمانہ: رپورٹ


ہلری کلنٹن کے ترجمان کی جانب سے اب تک خبر کے بارے میں کسی قسم کا تبصرہ نہیں کیا گیا ہے ۔

امریکہ کی سابق وزیر خارجہ ہلری کلنٹن کی گاڑی پر گزشتہ جمعہ لندن میں پارکنگ جرمانہ عائد کیا گیا ہے جسے مسسز کلنٹن نےبدھ کے روز ادا کر دیا ہے ۔

برطانوی اخبار میل آن لائن کی خبر کے مطابق، گذشتہ جمعہ سینٹرل لندن میں جس وقت ہلری کلنٹن ' چیٹ ہیم ہاؤس ' کی ایک تقریب میں شرکت کر رہی تھیں باہر پارکنگ میں کھڑی ان کی سلور مرسیڈیز کو ویسٹ منسٹر سٹی کے ٹریفک وارڈن نے 80 پاؤنڈ پارکنگ جرمانے کا نوٹس ڈال دیا تھا۔

تاہم بتایا گیا ہے کہ مسسز کلنٹن نے بدھ کی شب پارکنگ جرمانہ 40 پاؤنڈ ادا کر دیا ہے جو چودہ دن کے اندر ادائیگی کی صورت میں نصف ادا کرنا ہوتا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلری کلنٹن کی کار سینٹ جیمس اسکوائر کی پارکنگ میں کھڑی کی گئی تھی جہاں پارکنگ فیس 3 پاؤنڈ اور 30 پینس ایک گھنٹے کے لیے مقرر ہے۔

لیکن ٹریفک وارڈن نے عدم ادائیگی کی وجہ سے ہلری کلنٹن کی گاڑی پر پارکنگ جرمانہ کا نوٹس جاری کیا ۔

جب کہ اسوقت پارکنگ لاٹ میں ہلری کلنٹن کے محافظوں کا دستہ بھی اپنی اپنی گاڑیوں میں موجود تھا۔ ہلری کلنٹن کے حفاظتی گارڈز نے پارکنگ جرمانہ کے نوٹس پر وارڈن سے کافی استفسار کیا جسے ایک کیمرہ مین گریگ برینین نے اپنے کیمرے کی آنکھ سے قید کر لیا۔

ویسٹ منسٹر سٹی کونسل کی کابینہ کے رکن ڈینیل اسٹئیر نے اخبار کو بتایا کہ ٹریفک وارڈن اپنی ڈیوٹی انجام دے رہا تھا جب کہ ہلری کلنٹن کی گاڑی 45 منٹ تک بغیر پارکنگ فیس ادا کیے کھڑی رہی۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے یقین ہے کہ مسسز کلنٹن اس بات کو سمجھیں گی کہ ہمیں سب کے ساتھ منصفانہ رویہ اختیار کرنا ضروری ہے پھرچاہے وہ عالمی سطح پر کسی بھی حیثیت کے مالک ہوں۔

ہلری کلنٹن کے ترجمان کی جانب سے اب تک خبر کے بارے میں کسی قسم کا تبصرہ نہیں کیا گیا ہے ۔

ہیلری کلنٹن چیٹ ہیم ہاؤس کی تقریب میں خصوصی طور پرشرکت کرنے آئیں تھیں جہاں انھیں بین الاقوامی سفارتکاری میں شاندار خدمات کے حوالے سے انعام پیش کیا گیا ۔
XS
SM
MD
LG