رسائی کے لنکس

’ہو من جہاں‘ 10 کروڑ روپے کا بزنس کرنے میں کامیاب


فلم کی ہیروئن ماہرہ خان کی شمالی امریکہ اور برطانیہ میں غیر معمولی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے اب توقع یہ کی جارہی ہے کہ ’ہو من جہاں‘ مجموعی طور پر 20 کروڑ روپے سے زیادہ کا بزنس کرنے میں کامیاب ہوجائے گی

سحر، مستی، اچھی موسیقی اور ٹی وی ستاروں سے سجی فلم ’ہومن جہاں‘ نے توقعات پر پورا اترتے ہوئے باکس آفس پر کامیابی کے ریکارڈ قائم کرلئے ہیں۔ فلم نے 100ملین روپے کا بزنس کیا ہے۔

فلم کی ہیروئن ماہرہ خان کی شمالی امریکہ اور برطانیہ میں غیر معمولی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے اب توقع یہ کی جا رہی ہے کہ ’ہو من جہاں‘ مجموعی طورپر 200 ملین سے زیادہ کا بزنس کرنے میں کامیاب ہوجائے گی۔

اے آر وائی فلمز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جرجیس سیجا نے میڈیا سے گفتگو میں اس بات کی تصدیق کی کہ ’ہومن جہاں‘ 100 ملین روپے سے زیادہ کما چکی ہے۔ فلم نے ریلیز کے پہلے ہفتے میں شاندار بزنس کرتے ہوئے ابتدائی دو دنوں میں 32 اعشاریہ5 ملین روپے کمائے۔ لیکن، دوسرے ہفتے میں باکس آفس پر کمائی سست پڑ گئی۔ دوسرے ہفتے تک تقریباً 70 ملین روپے ہی فلم کے حصے میں آئے۔

اخبار ’ٹری بیون‘ نے خبر دی ہے کہ ’ہو من جہاں‘ سنگل اسکرین کے مقابلے میں ملٹی پلیکسز میں زیادہ اچھا بزنس کر رہی ہے۔جنرل منیجر سپر سینماز لاہور خرم کا کہنا ہے ’ہومن جہاں‘ نے پہلے ہفتے میں زبردست بزنس کیا۔ ویک اینڈ پر بھی لوگ بڑی تعداد میں فلم دیکھنے آئے۔ دوسرے ہفتے میں بھی فلم دیکھی جا رہی ہے اور 60 فیصد سینما ہال بھرا ہوا ہوتا ہے۔ دن کے وقت یونیورسٹی کے طلبا اور دوستوں کے گروپ جبکہ رات میں فیمیلز ’ہومن جہاں‘ دیکھنے سینما گھروں کا رخ کر رہی ہیں۔‘

سنگل اسکرین سینما پر صورتحال مختلف ہے۔کراچی کے کیپری سینما کے ڈائریکٹر فرخ روٴف کے مطابق رواں ہفتے فلم سینما سے اتار لی جائے گی۔

فرخ کے بقول، ’دوسرے ہفتے میں سینما ہال20فیصد بھرا ہوا تھا۔ یوں تو کئی وجوہات ہو سکتی ہیں۔ لیکن، میرے خیال میں، شاہ رخ کی فلم ’دل والے’ کی کامیابی نے سنگل اسکرین پر ’ہومن جہاں‘ کے بزنس کو متاثر کیا ہے‘۔

XS
SM
MD
LG