رسائی کے لنکس

ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہولی سرکاری طور پر منائی جائے گی


بختاور بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ حکومتی اعلامیے کے مطابق ہولی کے روز سندھ میں تمام سرکاری ادارے بند رہیں گے۔

پاکستان کی تاریخ میں جمعرات کو پہلی مرتبہ ہندو برادری کا مذہبی و مقدس تہوار ’ہولی‘ سرکاری طور پر منایا جائے گا۔ ہولی، دیوالی کے بعد ہندووٴں کا دوسرا بڑا تہوار ہے جو مارچ کے مہینے میں موسم گرما کے آغاز پر منایا جاتا ہے۔

حکومت سندھ کی جانب سے اس روز عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ ملکی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ جب سرکاری سطح پر ہولی کے دن یعنی 24 مارچ کو عام تعطیل ہوگی۔

صوبائی حکومت کے اس فیصلے سے چند روز قبل 15 مارچ کو قومی اسمبلی میں اقلیتی برادری کے لیے ان کے مذہبی تہواروں پرعام تعطیل کرنے کی قرارداد منظورکی گئی تھی۔ قرارداد مسلم لیگ نون کے رکن اسمبلی رمیش کمار نے پیش کی تھی۔

قرارداد میں کہا گیا تھا کہ ملک میں بسنے والی اقلیتی برادری کے مقدس تہواروں مثلاً دیوالی، ہولی اور ایسٹر کے موقع پر عام تعطیل کا اعلان کیا جائے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری کی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ حکومتی اعلامیے کے مطابق ہولی کے روز سندھ میں تمام سرکاری ادارے بند رہیں گے۔

ایک محتاط اندازے کے مطابق پاکستان کی 20 کروڑ آبادی میں ہندو برادری کی شرح 2 فیصد اور عیسائی برادری کی شرح ڈیڑھ فیصد سے کچھ زیادہ ہے۔

ہندووٴں کا مقدس مذہبی تہوار ہولی بھارت اور نیپال کے علاوہ دنیا کے متعدد ممالک میں بہت جوش و جذبے کے ساتھ منایا جاتا ہے اور یہاں بھی اس روز عام تعطیل ہوتی ہے۔

یہ حسن اتفاق ہے کہ پاکستان میں ایک ہفتے میں چار تہوار منائے جارہے ہیں۔ قرار داد پاکستان پیش کرنے کی خوشی میں 23 مارچ کو’ قومی تہوار‘ تسلیم کرلیں تو 24 مارچ کو ہولی اور جمعہ 25 مارچ کو عیسائیوں کا تہوار ’ایسٹر‘ منایا جائے گا جبکہ گزشتہ اتوار کو پارسی برادری نے” نوروز“ کا جشن منایا تھا۔

XS
SM
MD
LG