رسائی کے لنکس

فلم 'فروزن 'کی ڈائریکٹر نے مقبول دھنوں کے لیے معافی مانگ لی


آج جب میں لوگوں سے ملتی ہوں تو وہ مجھے بتاتے ہیں کہ جی ہاں ہم اب بھی اسی دھن کو سن رہے ہیں لیکن میرا جواب اب وہ نہیں ہوتا ہے بلکہ اب میں ان کا ' شکریہ 'ادا کرنے کے بجائے ان سے ’سوری‘ کرتی ہوں۔

ہالی وڈ کی فلم اور ڈزنی ورلڈ کی پیشکش فروزن کا جادو آج بھی لوگوں کے سر پر چڑھ کر بول رہا ہے اگرچہ فلم کو ریلیز ہوئے 12 ماہ کا عرصہ گزر گیا ہے لیکن فروزن کی مقبول دھنوں کے سحر میں لوگ اب بھی مبتلا ہیں حتیٰ کہ فلم کی ڈائریکٹر خود یہ کہنے پر مجبور ہو گئی ہیں کہ 'لیٹ اٹ گو ...'

انیمیٹڈ میوزیکل فینٹسی فلم فروزن کا مقبول گیت' لیٹ اٹ گو' اوریجنل سونگ کے لیے گذشتہ برس کا آسکر ایوارڈ اپنے نام کر چکا ہے مگر اس گانے کی مقبولیت آج بھی کم نہیں ہوئی ہے بلکہ فروزن کی مقبول دھن ترانے کی طرح لوگوں کی زبانوں پر ہے۔ تاہم فلم فروزن کی ڈائریکٹر جینیفر لی نےخود اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ فلم کا گانا اتنا مقبول ہو گیا ہے کہ بہت سے لوگوں کےکان اب اس گانے کو سن سن کر پک چکے ہوں گے۔

43 سالہ جینفر لی نے فروزن فلم کے مقبول گانے لیٹ اٹ گو کی نا ختم ہونے والی مقبولیت پر والدین سے معذرت طلب کر لی ہے۔ انھوں نے ' ہالی وڈ 'رسالے کے رپورٹر سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ "پچھلے ایک سال میں اگرچہ فلم کی دھنیں مقبول رہی ہیں لیکن کچھ ایسا ہے جو تبدیل ہو گیا ہے وہ ہے میرا لوگوں کو جواب۔"

جینفر لی کا کہنا تھا کہ''ایک سال پہلے جب میں لوگوں سے ملتی تھی تو وہ مجھے بتاتے تھے کہ لیٹ اٹ گو گانا انھیں کتنا پسند ہے اور یہ کہ یہ گانا وہ ہر وقت گنگناتے ہیں اور تب میں ان کا شکریہ ادا کرتی تھی۔ ایک سال بعد آج جب میں لوگوں سے ملتی ہوں تو وہ مجھے بتاتے ہیں کہ جی ہاں ہم اب بھی اسی دھن کو سن رہے ہیں لیکن میرا جواب اب وہ نہیں ہوتا ہے بلکہ اب میں ان کا ' شکریہ 'ادا کرنے کے بجائے ان سے ' سوری ' کرتی ہوں۔"

ڈزنی کی پیشکش فروزن اب تک کی پانچویں کامیاب ترین فلم ہے جس کی دھنیں ڈو یو وانٹ اے اسنو مین اور لیٹ اٹ گو بل بورڈز چارٹ پر ہٹ رہی ہیں جو چارٹ پر سب سے زیادہ طویل عرصہ سرفہرست رہنے والی اینیمیٹڈ دھنیں تھیں۔

تاریخ میں سب سے وسیع پیمانے پر اس فلم کو مختلف زبانوں میں ڈب کیا گیا ہے اب تک اس فلم کا ترجمہ لگ بھگ 41 زبانوں میں کیا گیا ہے۔ فروزن کی کہانی ایلسا اور اینا دو بہنوں کے گرد گھومتی ہے۔ بڑی بہن ایلسا ہاتھ کے اشارے سے چیزوں کو برف میں تبدیل کر سکتی ہے۔

XS
SM
MD
LG