رسائی کے لنکس

ہالی وُوڈ فلم میکرز کے رخ بدلنے لگے، کم خرچ کو ترجیح


فلم میکرز اب صرف دلفریب مناظر اور خوبصورت جگہوں کو ہی اولیت نہیں دیتے بلکہ پیسوں کی بچت کو بھی زیر ِ نظر رکھتے ہیں۔

امریکہ کے خوب صورت ساحل، چمکتی دھوپ، خوش باش اور دوست پسند لوگ، یہ سب وہ مقناطیسی خصوصیات تھیں جن کی کشش نہ صرف امریکی بلکہ دنیا بھر کے فلم میکرز کو اپنی جانب کھینچتی تھی۔ لیکن اب ہالی وُوڈ کا یہ جادو ماند پڑتا جا رہا ہے اور فلم میکرز اپنا قبلہ تبدیل کرکے دنیا کے مختلف ملکوں میں شوٹنگز کو ترجیح دے رہے ہیں۔

امریکی خبررساں ادارے ایسوسی ایٹڈڈ پریس نے ہالی وُوڈ سے فلم میکرز کے منہ موڑ لینے کی وجہ ٹیکسوں کی بھرمار بتائی ہے۔ فلم میکرز اب صرف دلفریب مناظر اور خوبصورت جگہوں کو ہی اولیت نہیں دیتے بلکہ پیسوں کی بچت بھی ان کے زیر ِ نظر ہوتی ہے۔

کینیڈا کا کہر میں لپٹا شہر وینکوور ہو یا برطانیہ کی راجدھانی لندن کی خوبصورت خنک فضائیں، نیوزی لینڈ کے شہر ویلنگٹن کی دل لبھاتی شامیں ہوں یا مونٹریال کی ہنگامہ خیزیاں۔۔۔ یہ اور دنیا کے ایسے بہت سے دوسرے شہر فلم میکرز کو نہ صرف دلکش نظارے فراہم کرتے ہیں بلکہ ان کی حکومتیں فلم میکرز کو بھرپور مراعات اور سہولتیں بھی فراہم کرتی ہیں۔

جہاں بھی شوٹنگ ہوتی ہے وہاں مقامی لوگوں کو روزگار میسر آتا ہے اور معیشت کو فائدہ پہنچتا ہے اور بڑی اسکرین کے ذریعے وہ ملک دنیا بھر میں پہچانا جاتا ہے اور یوں سیاحت بھی آمدنی کا ایک ذریعہ بن جاتی ہے۔

ہالی وُوڈ کے حلقوں میں ایک بار پھر ٹیکسوں کی بُلند شرح اور تعداد پر بحث اُس وقت چھڑی جب میگا ہٹ ’اوتار‘ بنانے والے شہرہ ِآفاق ڈائریکٹر جیمز کیمرون نے بلاک بسٹر فلم کے تین سیکوئلز ویلنگٹن میں بنانے کا اعلان کیا۔ یہ سیکوئلز باقاعدہ معاہدے کے تحت بنائے جائیں گے جس کے عوض فلم بنانے والی کمپنی کو پروڈکشن کوسٹ پر 25% ری بیٹ ملے گا۔ فلم کے تینوں سیکوئلز پر 413 ملین ڈالرز لاگت آئے گی۔

فلم کے پروڈیوسر جون لیناؤ کا کہنا ہے، ’دنیا کے کسی اور ملک میں ہم اتنے کم خرچ میں تین سیکولز بنا ہی نہیں سکتے تھے۔ نہ پہاڑ، نہ آبشار نہ جھرنے۔ کسی چیز نے ہمیں متاثر نہیں کیا کیونکہ ’اوتار‘ انڈور فلم ہے۔ ہم جو چاہتے تھے وہ کم پیسوں میں مطلوبہ معیار حاصل کرنا تھا‘۔

ہالی وُوڈ کے بزنس لیڈرز کا بھی یہی کہنا ہے کہ وہ سب ایک ہی چیز کو دیکھ رہے ہیں اور وہ ہے پیسہ۔ جب، جہاں اور دنیا کے جس ملک میں بھی فلم بنانے پر مراعات ملیں گی، تمام فلم میکرز ادھر کا ہی رخ کریں گے۔۔
XS
SM
MD
LG