رسائی کے لنکس

شاہ رخ خان کے لیے ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری


ہندی فلموں کے سپر اسٹار شاہ رخ خان کو عالمی سطح پر ایک با اثر ترین اداکار اور ان کی فلاحی کاموں کے اعتراف میں ایڈنبرا یونیورسٹی سے ’اعزازی گریجویٹ' ہونےکا اعزازحاصل ہوا ہے

بالی وڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان کو برطانیہ کی قدیم ترین اسکاٹش تعلیمی ادارے ایڈنبرا یونیورسٹی کی جانب سے ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری سے نوازا گیا ہے۔

ہندی فلموں کے سپر اسٹار شاہ رخ خان کو عالمی سطح پر ایک بااثر ترین اداکار اور ان کی فلاحی کاموں کے اعتراف میں انگلش یونیورسٹی سے اعزازی گریجویٹ'ہونےکا اعزازحاصل ہوا ہے۔

انگریزی بولنے والی دنیا کی چھٹی قدیم ترین یونیورسٹی کی طرف سے بدھ کے روز اداکار شاہ رخ خان کے ایک دورے کی میزبانی کی گئی، جہاں انھوں نے یونیورسٹی کی چانسلر رائل ہائی نیس شہزادی این سے ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری وصول کی۔

اپنے دورے کےدوران ڈاکٹر شاہ رخ خان نے یونیورسٹی کے نئےکالج میں طالب علموں اور کمیونٹی گروپوں کی ایک تقریب سے عوامی خطاب کیا جس میں انھوں نے اپنی زندگی اور کیرئیر کے بارے میں بات چیت کی۔

ہندی سینما کی 80سے زائد فلموں میں کام کرنے والے کنگ خان نے اعزازی ڈگری وصول کرنے کے بعد اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے کہا کہ 'یونیورسٹی کی طرف سے اعزاز پانے پر میں بہت خوش ہوں اور اب مجھے دنیا کےنامور دانشوروں، رہنماؤں اور شخصیات کے نقش قدم پر چلنا ہے'۔

انھوں نےکہا کہ 'دنیا کے ایک معزز ترین تعلیمی ادارےمیں خطاب کا موقع حاصل ہونا، میرے لیے ایک خاص لمحہ ہے۔'

شاہ رخ خان نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ 'میں چاہتا ہوں کہ بہت زیادہ بھارتی اور جنوبی ایشیائی ذہین طالب علموں کو ایڈنبرا یونیورسٹی میں سیکھنے، سوچنے اور قدآور بننےکا موقع حاصل ہو۔'

کروڑوں دلوں پر راج کرنے والے اداکار شاہ رخ خان فلموں میں اپنی بہترین اداکاری کے لیے اب تک 14 فلم فیئر ایواڈ حاصل کر چکے ہیں۔ انھیں بھارت کا اعلیٰ ترین سویلین ایواڈ پدم شری سے بھی نوازا گیا ہے۔

یونیورسٹی آف ایڈنبرا کے مطابق، شاہ رخ خان کی انسان دوستی ان کےفلاحی کاموں کی کامیابیوں اور ایک عالمی رسائی رکھنے والے اداکار کی حیثیت سے ان کی خدمات کے اعتراف میں ایڈنبرا کی اعزازی تعلیمی ڈگری سے نوازا گیا ہے۔

سماجی رابطےکی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لگ بھگ ڈیڑھ کروڑ سے زائد مداحوں کی طرف سے پیروی کئےجانے والے کنگ خان کے فلاحی کاموں میں بھارت کےدیہی علاقوں میں شمسی توانائی کی فراہمی کا منصوبہ، ممبئی اسپتال میں بچوں کےلیے وارڈ قائم کرنا اور سونامی سے تباہ شدہ علاقوں کے لیےامدادی فنڈ مہیا کرنا شامل ہے۔

اس روز یونیورسٹی میں شاہ رخ خان کی مشہور ترین فلم کچھ کچھ ہوتا ہےکی خصوصی اسکریننگ کا اہتمام کیا گیا تھا۔ یہ بھارت کی پہلی فلم تھی جس کی فلمبندی اسکاٹ لینڈ میں کی گئی تھی۔

شاہ رخ خان نےاس موقع پربالی وڈ ڈانسرز کےساتھ مقبول ہندی گانا، لنگی ڈانس پر رقص بھی پیش کیا۔

تقریب میں ماہرین تعلیم، صحافیوں اور مداحوں کی طرف سے بالی وڈ فلمی صنعت پر شاہ رخ خان کے اثرات پر بھی بات چیت کی گئی۔

یونیورسٹی کے وائس پرنسپل پروفیسر چارلی جیفری نے کہا کہ'ہمیں خوشی ہے کہ ہمیں دنیائے سینما کے ایک شاندار ستارے کےکیرئیر اور ان کے فلاحی خدمات کا اعتراف کرنےکا موقع ملا ہے۔'

انھوں نے کہا کہ یونیورسٹی کا ہندوستان کے ساتھ 250 سال سے ساتھ ہے جس کے 1762 سے 1793 تک پرنسپل رہنے والے پروفیسر ولیم رابرٹسن نے قدیم ترین یورپی تدریس میں ہندوستان کے بارے میں لکھا ہے، جب ایڈنبرا سے 1876 پہلے ہندوستانی طالب علم نے گریجویٹ کی ڈگری حاصل کی تھی۔

شاہ رخ خان کو اعزازی ڈگری وصول کرنے پر یونیورسٹی کی طرف سے ایڈنبرا یونیورسٹی کے ٹوئٹ کے صفحے پر مبارکباد کا خصوصی پیغام بھیجا گیا ہےجبکہ شاہ رخ خان نے اس موقع کی یادگار تصاویر اپنے ٹوئٹر کے صفحے پر مداحوں کے ساتھ شیئر کی ہیں۔

یہ تقریب ایڈنبرا سنٹر فار ساوتھ ایشین اسٹڈیز کی طرف سے منعقد کی گئی تھی۔

XS
SM
MD
LG