رسائی کے لنکس

پال رائن ٹرمپ کی توثیق کے لیے ’تیار نہیں‘


پال رائن
پال رائن

پال رائن نے اس سے قبل ٹرمپ پر یہ کہنے پر تنقید کی تھی کہ اگر وہ کامیاب نہیں ہوئے تو ان کے حامی جولائی میں ریپبلکن نیشنل کنونشن میں ہنگامے کر سکتے ہیں۔

ارب پتی کاروباری شخصیت ڈونلڈ ٹرمپ نے پرائمری انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی نامزدگی حاصل کرنے کے لیے عوام سے کافی ووٹ حاصل کر لیے ہیں مگر پارٹی کی قیادت اب بھی ان کے بارے میں پرجوش نہیں۔

ریپبلکن پارٹی میں سب سے اعلیٰ منتخب عہدے پر فائز ایوان نمائندگان کے اسپیکر پال رائن نے جمعرات کو کہا کہ وہ نامزدگی کے لیے ٹرمپ کی حمایت کے لیے ’’تیار نہیں۔‘‘

پال رائن نے اس سے قبل ٹرمپ پر یہ کہنے پر تنقید کی تھی کہ اگر وہ کامیاب نہیں ہوئے تو ان کے حامی جولائی میں ریپبلکن نیشنل کنونشن میں ہنگامے کر سکتے ہیں۔

پال رائن نے ٹی وی چینل سی این این پر کہا کہ ’’میں اپنے نامزد امیدوار کی حمایت کی امید کرتا ہوں۔ میں امید کرتا ہوں کہ میں ان کی صدارت کے عہدے کے لیے مکمل طور پر حمایت کروں۔ تاہم ابھی میں اس کے لیے تیار نہیں،‘‘

اس کے جواب میں ٹرمپ نے کہا کہ ’’میں اسپیکر رائن کے ایجنڈے کی حمایت کے لیے تیار نہیں۔ شاید مستقبل میں ہم اکٹھے کام کر سکیں اور اس بات پر اتفاق کر سکیں کہ امریکی عوام کے لیے کیا بہترین ہے۔‘‘

روزنامہ ’وال اسٹریٹ جرنل‘ کے مطابق اب تک ایوان نمائندگان اور سینیٹ میں موجود 300 ریپبلکن ارکان میں سے صرف 12، اور 31 ریپبلکن گورنروں میں سے صرف تین نے ٹرمپ کی توثیق کی ہے۔

پارٹی کے آخری دو صدور، صدر جارج ایچ ڈبلیو بش اور ان کے صاحبزادے صدر جارج ڈبلیو بش کا کہنا ہے کہ وہ 2016 کی صدارتی مہم میں شرکت نہیں کریں گے اور نہ ہی اس پر کوئی تبصرہ کریں گے۔

پارٹی کے آخری دو ہارنے والے امیدواروں کا بھی بش صدور کی طرح کہنا ہے کہ وہ جولائی میں پارٹی کے قومی کنونشن میں شرکت کا ارادہ نہیں رکھتے جہاں ٹرمپ کو باضابطہ طور پر نامزد کیا جائے گا۔

ایریزونا کے سینیٹر جان مکین 2008 میں صدر اوباما سے ہارے تھے جبکہ میساچوسیٹس کے گورنر مٹ رومنی 2012 میں صدر اوباما سے ہارے تھے۔

دیگر اہم ریپبلکن ارکان پال رائن اور بش صدور سے بھی آگے جانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

2008 کی صدارتی مہم میں جان مکین کے مشیر مارک سالٹر نے ٹوئٹر پر کہا کہ وہ ٹرمپ کی بجائے ڈیموکریٹک پارٹی کی ممکنہ امیدوار ہلری کلنٹن کو ووٹ دیں گے۔ بین ہوئی نے بھی یہی کہا ہے۔

طویل عرصہ سے ٹرمپ کے ناقد جنوبی کیرولائنا سے سینیٹر لندسی گراہم نے ٹوئٹر پر کہا کہ ’’اگر ہم نے ٹرمپ کو نامزد کر دیا تو ہم سب تباہ ہو جائیں گے ۔۔۔ اور ہم اس کے مستحق بھی ہیں۔‘‘

XS
SM
MD
LG