رسائی کے لنکس

صدارتی امیدوار کے طور پر کروز کی اہلیت عدالت میں چیلنج


سینیٹر ٹیڈ کروز
سینیٹر ٹیڈ کروز

دائر کردہ اپنی استدعا میں ہوسٹن کے ایک وکیل نے سوال کیا کہ 'یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ ہم صدارتی انتخاب کے لیے ایک نااہل امیدوار کو جیتنے دیں؟ آپ کو اندازہ ہے کہ اس سے کتنے مسائل جنم لیں گے؟

ریپبلیکن پارٹی کے سینیٹر، ٹیڈ کروز کے ٹیکساس کے آبائی شہر، ہوسٹن سے تعلق رکھنے والے ایک اٹارنی نے صدارتی امیدوار کے طور پر کروز کی اہلیت کو چیلنج کرتے ہوئے عدالت میں ایک درخواست دائر کی ہے، کیونکہ، بقول اٹارنی، 'اُن کی پیدائش کینیڈا کی ہے'۔

یہ استدعا 85 برس کے نیوٹن بی شوارز نے منگل کے روز ہوسٹن کی امریکی ضلعی عدالت میں دائر کی ہے۔

وائس آف امریکہ سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے، شوارز نے کہا کہ اگر کروز امیدوار بننے میں اور صدارتی الیکشن لڑنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں، تو اِس سے آئینی بحران پیدا ہوگا۔

اُنھوں نے سوال کیا کہ 'یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ ہم صدارتی انتخاب کے لیے ایک نااہل امیدوار کو جیتنے دیں؟ آپ کو اندازہ ہے کہ اس سے کتنے مسائل جنم لیں گے؟

چند اہم آئینی ماہرین نے کروز کی اہلیت کے بارے میں سوالات اٹھائے ہیں، جس میں اُنھوں نے امریکی دستور کی شرائط کو سامنے رکھا ہے، جس میں صدارت کے امیدوار کے لیے لازم ہے کہ وہ 'امریکہ میں پیدا ہوا ہو'۔

روایتی طور پر اس سے یہ مطلب لیا جاتا ہے کہ وہ شخص امریکی سرزمین پر پیدا ہوا ہو۔

کروز کے اہم مخالف صدارتی نامزدگی کے ریپبلیکن امیدوار نے حالیہ دِنوں یہ سوال اٹھایا تھا۔ ارب پتی ریئل اسٹیٹ کے کاروباری شخص، ڈونالڈ ٹرمپ نے سوال کیا تھا کہ صدارتی نامزدگی کے بعد اگر کروز نااہل قرار دیے جاتے ہیں، 'تو سوچئیے معاملہ کتنا سنگین ہوجائے گا'۔

منگل کی شب ریپبلیکن صدارتی مباحثے کے دوران، کروز کی ٹرمپ کے ساتھ تلخ کلامی ہوئی۔ کروز نے ٹرمپ کے چیلنج کو قبول کرتے ہوئے کہا، 'حقائق اور قانون بہت ہی واضح ہیں۔ طویل مدت سے موجود امریکی قانون کے مطابق، امریکی شہری کے ہاں بیرون ملک پیدا ہونے والا بچہ، امریکہ ہی کا شہری کہلائے گا'۔

اسی مباحثے کے دوران، کروز نے ایک وقت اُن کے ہارورڈ یونیورسٹی کے قانون کے پروفیسر، لارنس ٹرائیب کی رائے کو مسترد کیا، جنھوں نے کروز کی صدارتی امیدوار کے طور پر اہلیت کو 'غیر واضح اور مسئلے کی شکار' قرار دیا تھا۔

کروز نے کہا ہے کہ ٹرائیب 'بائیں بازو کے سرگرم عدالتی کارکن' اور ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار، ہیلری کلنٹن کے حامی ہیں۔

یہ سوال اٹھنے سے قبل، دونوں کروز اور ٹرمپ کے ریپبلیکن پارٹی میں بہترین تعلقات ہوا کرتے تھے، جو اب بگڑ چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG