رسائی کے لنکس

بیتے زمانے کی جھلک دکھلاتی کامیاب بالی وڈ فلمیں


بالی وڈ نگری میں کسی مخصوص دور کی عکاسی کرتی فلمیں شروع سے بنتی چلی آئی ہیں اور انہیں شہرت بھی ملتی رہی ہے

پرانے دور اور پرانی فلموں کی کشش ہمیشہ باقی رہتی ہے۔ شاید یہی وجہ ہے کہ بالی وڈ نگری میں کسی مخصوص دور کی عکاسی کرتی فلمیں شروع سے بنتی چلی آئی ہیں اور انہیں شہرت بھی ملتی رہی ہے۔ بھارتی اخبار ’مڈ ڈے‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق آج بھی ایسی فلموں کی فہرست بہت طویل ہے۔آیئے اس پر ایک نظر ڈالیں:

بومبے ویلوٹ
انوراگ کشیپ کی نئی فلم ’بومبے ویلوٹ‘ میں 60 کے عشرے کی جھلک موجود ہے، خاص کر ممبئی شہران دنوں کیسا تھا اس کی بہت سی جھلکیاں آپ کو اس فلم میں دکھائی دیں گی۔ فلم میں نظر آتے ’سوٹڈ بوٹڈ‘ مرد اور نت نئے انداز کے جوڑے بنائی خواتین۔۔یہ سب فلم دیکھنے والوں کو اسی دور میں پہنچا دیتا ہے۔

فلم ’بومبے ویلوٹ‘ کی کہانی ایک باکسر جونی بلراج اور جاز سنگر روزی کی محبت کو پیش کرتی ہے۔ مرکزی کردار نبھائے ہیں رنبیرکپور، انوشکا شرما اور کرن جوہر نے۔

باجی راوٴ مستانی
سنجے لیلا ببنسالی کی ڈائریکٹ کردہ فلم ’باجی راوٴ مستانی‘ اٹھارویں صدی کے زمانے سے تعلق رکھتی ہے۔ فلم کا پس منظر ’جنگی‘ ہے، جبکہ اس کی کاسٹ کا حصہ ہیں دپیکا پڈکون، رنویر سنگھ اور پریانکا چوپڑہ۔

سنجے اپنی فلموں میں عالیشان اور خوبصورت سیٹ دکھانے کے لئے مشہور ہیں۔ امید ہے کہ وہ ’باجی راوٴمستانی‘ کے تینوں اہم کرداروں یعنی ’باجی راوٴ‘،’کاشی بائی‘ اور ’مستانی‘ کو دلکش اندازمیں پیش کریں گے۔

ڈیٹکیٹو بومکیش بخشی
دیباکر بینرجی کی فلم میں لوگ 1943کے’کولکتہ‘ یعنی اس وقت کے ’کلکتہ‘کی دلکش جھلکیاں دیکھ سکیں گے۔فلم کے ہیرو سشانت سنگھ راجپو ت دھوتی، کوٹ اور پرانی گھڑی پہنے برطانوی دور کے ’بنگالی بابو‘ کے روپ میں نظر آئیں گے۔ فلم میں رکشا، ٹرام اور پرانی گاڑیاں یقیناناً ظرین کو اچھی لگیں گی۔

ہوائی زادہ
ہوائی زادہ بھارت کے لئے 1895ء میں پہلا بغیر پائلٹ والا طیارہ بنانے والے سائنسدان شیواجی باپوجی تل پڑے کی کہانی ہے۔ آیوشمان کھرانہ، متھن چکرورتی اور پلوی شردھا نے اس وقت کے ممبئی کی بہت اچھی طرح سے عکاسی کی ہے۔

لٹیرا
فلم ’لٹیرا‘ ۔۔دیکھنے والوں کو 1953کے مغربی بنگال کے گاوٴں مانک پور میں لے جاتی ہے جہاں حکومت کی طرف سے زمینداروں کے اختیارات ختم کئے جانے کے سبب ہلچل مچ گئی تھی۔ فلم کی کاسٹ کا انداز اور فلم میں تخلیق کیا گیا ماحول 50 کے عشرے کی حقیقی پس منظر سے قریبی مطابقت رکھتا ہے۔

رنویر سنگھ اور سوناکشی سنہا نے ہیرو اور ہیروئن کے روپ میں اپنے کرداروں سے بھرپور انصاف کیا ہے۔

دی ڈرٹی پکچر
ودیا بالن کی ’دی ڈرٹی پکچر‘ مردوں کے غلبے تلے آئی ساوٴتھ انڈین فلم انڈسٹری کی تصویر پیش کرتی ہے۔اسی کے عشرے میں ساوٴتھ کی مشہور ماڈل سلک سمتھا کی زندگی پر بننے والی فلم نے اس دور کی بہت سی چیزوں کو ایک بار پھر شائقین کے ذہنوں میں تازہ کیا۔

ونس اپون اے ٹائم ان ممبئی
ساٹھ اور ستر کے عشروں میں ممبئی کے انڈرورلڈ کی منظر کشی کرتی فلم ’ونس اپون اے ٹائم ان ممبئی‘ میں دو مشہور گینگسٹرز کے کرداروں کو سلور اسکرین پر پیش کیا ہے اجے دیوگن اور عمران ہاشمی نے۔

پرینیتا
سال 2005میں ریلیز ہونے والی پر دیپ سرکار کی فلم ’پری نیتا‘۔۔بلاک بسٹر فلم ثابت ہوئی۔ ودیا بالن، سیف علی خان اور سنجے دت نے فلم کے مرکزی کرداروں میں خوب داد سمیٹی۔ کاسٹیوم سے میوزک تک، ساٹھ کے عشرے کی ہر چیز کو نہایت خوبی اور مہارت سے پیش کیا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG