رسائی کے لنکس

بہت سے مسلمان نوجوانوں نے کرسمس کا دن اسپتالوں میں گزارا


ہاورڈ کاؤنٹی مسلم کونسل کے رضاکار مریضوں کی عیادت کرتے ہوئے
ہاورڈ کاؤنٹی مسلم کونسل کے رضاکار مریضوں کی عیادت کرتے ہوئے

اطلاعات کے مطابق، بیشتر ریاستوں میں یہ نوجوان انفرادی طور پر کرسمس کے موقع پر مختلف اسپتالوں میں پہنچے اور مریضوں کی عیادت کی اور انھیں کرسمس کی مبارکباد دی اور تحفے پیش کئے

امریکہ میں بہت سے مسلمان نوجوانوں نے کرسمس کی تعطیلات مختلف استپالوں میں زیر علاج مریضوں کے ساتھ گزاریں اور تحفے دے کر ان کی خوشیوں کو دوبالا کیا۔

اطلاعات کے مطابق، بیشتر ریاستوں میں یہ نوجوان انفرادی طور پر کرسمس کے موقع پر مختلف اسپتالوں میں پہنچے اور مریضوں کی عیادت کی اور انھیں کرسمس کی مبارکباد دی اور تحفے پیش کئے۔

ریاست میری لینڈ کی ہاورڈ کاؤنٹی کے واشنگٹن اسپتال میں کاؤنٹی مسلم کونسل کے درجنوں رضاکار تحائف کے ساتھ پہنچے اور انھوں نے مریضوں سے فرداً فرداً ملاقات کی، انھیں تحائف دئے اور کرسمس کی مبارکباد پیش کی۔

اِس موقع پر کچھ مریض ایسے بھی تھے جو خوشی کے دن بھی تنہا تھے۔ تاہم، مسکراہٹوں کے تبادلے کے ساتھ عیادت کرنے والوں کے ساتھ گھنٹوں گزار کر ان کے چہرے کھل اٹھے۔

بتایا جاتا ہے کہ کرسمس کی خوشیوں میں مسلمان برادری کی شرکت کا عموماً خیر مقدم کیا گیا۔

ہاورڈ کاؤنٹی مسلم کونسل کی پروجیکٹ ڈائریکٹر، نوشابہ زاہد نے اس موقع پر ’وائس آف امریکہ‘ سے بات چیت میں کہا کہ کونسل کے ارکان ہر سال کرسمس کے موقع پر مریضوں کی عیادت کرتے ہیں۔ انھوں نے مسلم برادری پر زور دیا کہ وہ اپنے پڑوسیوں کی خوشیوں میں شریک ہو کر معاشرے میں خیر سگالی کے فروغ کا ذریعہ بنیں۔

کرسمس کی خوشیاں باٹنے والے ان نوجوانوں کا کہنا ہے کہ مذہبی ہم آہنگی کا کوئی موقع ضائع نہیں کرنا چاہئے اور آگے بڑھ کر دیگر کمیونٹی کو گلے لگانے سے ہی امریکی معاشرے سے بدگمانی کا خاتمہ ممکن ہے۔

XS
SM
MD
LG