رسائی کے لنکس

انسانی حقوق کمیشن کا خیبر ایجنسی میں ہلاکتوں پر انصاف کا مطالبہ


انسانی حقوق کمیشن پاکستان کا کہنا ہے کہ 20 افراد کے قتل کے کیس میں فوری طور پر آزادانہ تحقیقات کرکے ہلاک ہونےوالے افراد کے ورثا کو انصاف فراہم کیا جائے۔

انسانی حقوق کمیشن پاکستان نے خیبر ایجنسی میں قتل کئےگئے 20 افراد کے قتل کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حکومت سے انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔ انسانی حقوق کمیشن کا کہنا ہے کہ 20 افراد کے قتل کے کیس میں فوری طور پر آزادانہ تحقیقات کرکے ہلاک ہونےوالے افراد کے ورثا کو انصاف فراہم کیا جائے۔

انسانی حقوق کمیشن کہتا ہے کہ خیبر ایجنسی میں گولیاں مارکر قتل کئے گئے افراد کے ورثا نے دعوی کیا ہے کہ ان افراد کو سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں نے ہلاک کیا ہے۔ لواحقین کا یہ بھی دعوی ہے کہ قتل کئے گئے تمام افراد فوج کی تحویل میں تھے اور اس کے بعد ان کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔

انسانی حقوق کمیشن پاکستان نے جمعرات کو جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ 20 افراد کے بہیمانہ قتل کے بعد لواحقین کی جانب سے پشاور میں گورنرہاوس اور پھر پشاور پریس کلب کے باہر لاشیں سڑک پر رکھ کر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

ہیومن رائٹس کمیشن مزید کہتا ہے کہ لواحقین سے زیادہ سیکورٹی فورسز اور حکومت پاکستان کو اس معاملےکی تحقیقات میں دلچسپی لینی چاہئے۔ پاکستان میں ایسے افراد کی تعداد میں روز بروز اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے جو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر توجہ دلانے کیلئے پر امن احتجاج کا طریقہ اختیار کرلیتے ہیں۔ اس احتجاج کے ذریعے اعلی حکام کی توجہ مبذول کرانے اور حکومت کی جانب سےانصاف ملنے کی یقین دہانی تک لاشوں کو دفنانے سے انکار کردیتے ہیں۔ اگر احتجاج کا یہ طریقہ کار مسلسل جاری رہا تو صورتحال مزید خراب ہوجانے کا اندیشہ ہے۔

ایچ آر سی پی باڑہ میں قتل کی تحقیقات پر عدالتی کمیشن بنائے جانے پر عدلیہ کا خیر مقدم کرتا ہے اور توقع ظاہر کرتا ہے کہ ماضی کے معاملات میں بھی عدلیہ کمیشن کے برعکس باڑہ میں قتل کئے افراد کے معاملے کے بہتر نتائج سامنے آئیں گے۔

واضح رہے کہ 15 جنوری کو خیبر ایجنسی کی تحصیل باڑہ میں 20 افراد کو قتل کردیا گیا تھا اورلواحقین کی جانب پشاور میں گورنر ہاوس کے باہر لاشوں سمیت دھرنا دئے بیٹھے رہے۔ لواحقین کا کہنا تھا کی انصاف کی فراہمی تک دھرنا جاری ہےگا۔ دھرنے کے دوسرے روز پولیس کی جانب سے لاٹھی چارج اور شیلنگ کے ذریعے مظاہرین کو منتشر کرکے لاشوں کو پولیٹیکل انتظامیہ کے سپرد کردیا۔
XS
SM
MD
LG