رسائی کے لنکس

صدر زرداری سے کوئٹہ کا دورہ کرنے کی اپیل: ایچ آر سی پی


صدر آصف علی زرداری
صدر آصف علی زرداری

کمیشن کے مطابق صدر کے دورے سے عرصہ دراز سے مصیبت کا شکار ہزارہ برادری کو تحفظ فراہم کرنے کے حکومتی عزم کی یقین دہانی بھی ہوجائے گی۔

پاکستان میں انسانی حقوق کی ایک سرگرم تنظیم ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان ’ایچ آر سی پی‘ نے صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم پرویز اشرف سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ہزارہ شیعوں کی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ذاتی دلچسپی لیں۔

ایچ آر سی پی نے صدر زرداری سے کوئٹہ کا دورہ کرنے کی اپیل بھی کی۔

’’رواں برس کے سات ہفتوں کے دوران کوئٹہ شہر میں ہزارہ شیعہ برادری کو خونریزی کے دو بڑے حملوں کا نشانہ بنایا گیا ہے جس میں 200 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے۔ جبکہ پچھلے کچھ سالوں میں ہزارہ برادری کے سینکڑوں افراد مارے جاچکے ہیں۔ یہ معاملہ اب اتنی سنگین صورتحال اختیار کرگیا ہے کہ اس کا اعلیٰ ترین سطح پر نوٹس لیا جانا چاہئے۔‘‘

انسانی حقوق کمیشن کی سربراہ زہرہ یوسف نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ’’ آپ (صدر مملکت) کے دورہ کوئٹہ سے عرصہ دراز سے ستم زدہ ہزارہ برادری کو تحفظ فراہم کرنے کے حکومتی عزم کی یقین دہانی بھی ہوجائے گی۔‘‘

بیان کے مطابق وزیراعظم کو لکھے گئے خط میں ایچ آر سی پی نے کہا کہ ’’ہمارے خیال میں اس سنگین صورتحال کا اعلیٰ ترین سطح پر نوٹس لینے کا سلسلہ جاری رہنا انتہائی ضروری ہے۔‘‘

کوئٹہ میں گزشتہ ہفتے کے روز ہزار شیعہ برادری کو ایک بم حملے میں نشانہ بنایا گیا تھا جس میں نوے سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔

صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم پرویز اشرف نے اس کا نوٹس لیتے ہوئے اراکین پارلیمان کا ایک وفد بھی تشکیل دیا تھا جس نے منگل کو کوئٹہ جا کر متاثرہ خاندانوں اور دیگر انتظامی عہدیداروں سے ملاقات کر کے ہزارہ برادری کے تحفظات کو دور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
XS
SM
MD
LG