رسائی کے لنکس

ہیومن رائٹس واچ کی عالمی عدالت پر تنقید


ہیومن رائٹس واچ کی عالمی عدالت پر تنقید
ہیومن رائٹس واچ کی عالمی عدالت پر تنقید

انسانی حقوق کی عالمی تنظیم 'ہیومن رائٹس واچ ' نے جنگی جرائم کی عالمی عدالت (آئی سی سی) پر زور دیا ہے کہ وہ آزادی اورغیر جانبداری کے اپنے بنیادی اصولوں پر پورا اترنے کے لیے مزید سرگرمی دکھائے۔

تنظیم کی جانب سے جمعرات کو 50 صفحات کی ایک رپورٹ جاری کی گئی ہے جو 2002ء میں 'آئی سی سی ' کے قیام کے بعد اس کی جانب سے کی جانے والی پانچ ابتدائی تحقیقات کے تجزیے پر مشتمل ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عالمی عدالت نے اکثر "اصل مجرمان اور جنگی جرائم سے صرفِ نظر" کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق عدالتی ٹربیونل کی جانب سے ڈیموکریٹک ری پبلک آف کانگو اور یوگنڈا کے تنازعات سے متعلق تحقیقات کے نتیجے میں ان سرکاری حکام پر فردِ جرم ہی عائد نہیں کی گئی جنہیں مبینہ طور پر ان ممالک میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا ذمہ دار سمجھا جاتا تھا۔

رپورٹ کے مطابق عدالت کے اس طرزِ عمل سے اس کی " آزادی اور غیر جانبداری کے تصورات پر زد پڑی ہے"۔

رپورٹ میں شکوہ کیا گیا ہے کہ 'آئی سی سی' نے سینٹرل افریقن ری پبلک کے تنازع اور دارفور کے علاقے میں سوڈانی حکومت کی جانب سے روا رکھے گئے مظالم کی تحقیقات کے دوران صرف ایک، ایک سینئر حکومتی رہنما پر تمام توجہ مرکوز رکھی۔

تاہم 'ہیومن رائٹس واچ (ایچ آر ڈبلیو)' نے آئی سی سی کی جانب سے کینیا کے حوالے سے کی گئی حالیہ تحقیقات کا خیر مقدم کیا ہے۔

آئی سی سی نے رواں ماہ کے آغاز پر کینیا کے ان چھ میں سے تین نمایاں سیاست دانوں اور کاروباری شخصیات کے خلاف سماعتوں کا آغاز کیا ہے جن پر 2007ء کے انتخابات کے بعد ملک میں ہلاکت خیز فسادات شروع کرانے کا الزام ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کینیا کی تحقیقات عدالت کا "ماضی کی روایات سے خوش آئند انحراف" ہے۔

انسانی حقوق کی تنظیم نے عدالت کی جانب سے کانگو کے معاملہ کی تحقیقات کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ مقدمہ میں "تاخیر اور بدنظمی" کے نتیجے میں کانگو کی "نسلی کشیدگی میں اضافہ" ہوا۔

عالمی عدالتی ٹربیونل کے قیام کا مقصد جنگی جرائم، انسانیت کے خلاف جرائم اور نسل کشی کے الزامات کا سامنا کرنے والے افراد کے خلاف قانونی کارروائی کرنا تھا۔

آئی سی سی اب تک سینٹرل افریقن ری پبلک، سوڈان کے علاقے دارفور، کینیا، شمالی یوگنڈا اور ڈیمو کریٹک ری پبلک آف کانگو میں پیش آنے والے تنازعات کی تحقیقات کرچکی ہے جبکہ آئیوری کوسٹ کے ایک مقدمہ کی تحقیقات جاری ہیں۔

رواں برس کے آغاز پر عدالت نے لیبیا کے سابق حکمران معمر قذافی کے خلاف بھی مبینہ جرائم کے ارتکاب پر تحقیقات کا آغاز کیا تھا۔

XS
SM
MD
LG