رسائی کے لنکس

حادثہ اس وقت پیش آیا جب وین یوٹرن لے رہی تھی کہ عقب سے آنے والی ایک ڈبل ڈیکر بس نے ٹکر ماری۔ حادثے کے نتیجے میں ہمایوں سعید بے ہوش ہوگئے ....

کراچی۔۔ پاکستانی فلموں اور ڈراموں کے نامور اداکار اور ہدایت کار ہمایوں سعید سڑک حادثے میں زخمی ہوگئے ہیں۔حادثے کے وقت وین میں ان کی اہلیہ اور پروڈکشن ٹیم بھی موجود تھی۔

ہمایوں تھائی لینڈ کے شہر بینکاک میں مقیم ہیں۔ وہ گزشتہ اتوار کی صبح ائیرپورٹ سے ہوٹل جا رہے تھے کہ راستے میں اچانک یہ حادثہ پیش آیا۔

ہمایوں اپنی آنے والی فلم ’ملک‘ کی شوٹنگ کے لئے لوکیشنز دیکھنے کی غرض سے بینکاک پہنچے تھے۔ ٹیم میں شامل پروڈیوسر ندیم بیگ کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب وین یوٹرن لے رہی تھی کہ عقب سے آنے والی ایک ڈبل ڈیکر بس نے ٹکرماری۔ حادثے کے نتیجے میں ہمایوں سعید بے ہوش ہوگئے تھے تاہم اب ان کی حالت خطرے سے باہر ہے جبکہ باقی ٹیم بھی خیریت سے ہے۔

پاکستانی نیوز چینلز ’ڈان‘، ’ایکسپریس‘، اور ’اے آر وائی‘ نے اس خبر کو نمایاں کوریج دی ہے۔

ہمایوں سعید اپنی نئی فلم ’ملک‘ پر کام کر رہے ہیں، جس میں انہوں نے پراپرٹی ٹائیکون کا کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے 1995 ءمیں انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں قدم رکھا اور ٹی وی میں اپنی کامیابی کے جھنڈے گاڑنے کے بعد فلم انڈسٹری میں بھی اپنی قابلیت کا لوہا منوایا۔

ہمایوں کے کریڈٹ پر ’دوراہا‘، ’مہندی‘، ’چاندنی راتیں‘ اور بہت سے ہٹ اور یادگار سیریلز ہیں۔ اپنی جاندار اداکاری پر ہمایوں متعدد بار لکس اسٹائل ایوارڈز بھی جیت چکے ہیں۔

43سالہ ہمایوں سعید اداکار اور ڈائریکٹر ہونے کے علاوہ ایک پروڈکشن کمپنی ’سکس سگما انٹرٹینمنٹ‘ کے سی ای او بھی ہیں۔ ان کے آنے والے پروجیکٹس میں ’ارتھ ٹو‘ اور’بن روئے‘ شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG